اپوزیشن کے سوشل میڈیا سربراہ گرفتار

   

نئی دہلی : پولیس کے مطابق اس نے ملک کی مرکزی اپوزیشن جماعت کانگریس کے سوشل میڈیا سربراہ کو اس الزام میں گرفتار کیا ہے کہ انہوں نے ایک ویڈیو میں رد وبدل کیا جو ملک میں سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پھیل رہی ہے۔ کانگریس پارٹی کے ارون ریڈی کو 3 مئی کی شب ایک رد وبدل کی گئی ویڈیو کے تناظر میں حراست میں لیا گیا، جس میں وزیر داخلہ امیت شاہ کو ایک انتخابی جلسے کے دوران کروڑوں غریب اور نچلی ذات کے ہندوؤں کے لیے جاری مثبت پالیسیوں کو ختم کرنے کا وعدہ کرتے دکھایا گیا ہے۔ امیت شاہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کے بعد ملک کی سب سے زیادہ طاقتور شخصیت قرار دیا جاتا ہے۔ یہ دونوں شخصیات طویل عرصہ سے سیاسی حلیف ہیں۔ نئی دہلی کے پولیس کمشنر ہمنت تیواڑی نے خبر رساں ادارہ اے ایف پی کو بتایا کہ ارون ریڈی کو گزشتہ روز وزیر داخلہ کی ایک ویڈیو میں رد وبدل کی تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے انہیں عدالت کے سامنے پیش کیا ہے اور وہ اب پولیس کی حراست میں ہیں۔