حیدرآباد۔/21 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم، تلنگانہ جنا سمیتی، سی پی ایم، سی پی آئی، سی پی آئی ایم ایل نیو ڈیمو کریسی اور دیگر تنظیموں کے قائدین کا اجلاس تلگودیشم کے ریاستی صدر بی نرسمہلو کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکز اور ریاستی حکومتوں کے خلاف قومی سطح پر اپوزیشن کے طئے کردہ احتجاجی پروگرام کو کامیاب بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے دیگر ہم خیال اپوزیشن جماعتوں بشمول کانگریس کے ساتھ احتجاج میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 22 ستمبر کو علامتی احتجاج کے طور پر مہا دھرنا منظم کیا جائے گا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے علاوہ کسان تنظیموں کے نمائندے حصہ لیں گے۔ نرسمہلو نے کہا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت اور تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت عوامی مفادات کے خلاف کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 22 ستمبر کو 11 بجے دن اندرا پارک پر دھرنا میں ہزاروں کی تعداد میں عوام کی شرکت متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے 27 ستمبر کو ’ بھارت بند‘ کی اپیل کی ہے۔ تلگودیشم کیڈر تلنگانہ کے ہر ضلع میں بند کی کامیابی کیلئے مساعی کرے گا۔