اپوزیشن کے ہنگامے پر لوک سبھا میں وقفہ سوالات، وقفہ صفر نہیں ہوا

   

چین کے معاملے پر بحث کرانے اور وزیراعظم سے جواب کا مطالبہ، ایوان میں شوروغل
نئی دہلی : چین کے معاملے پر اپوزیشن کے ہنگامے کی وجہ سے جمعرات کے روز لوک سبھا میں وقفہ سوالات اور وقفہ صفر کی کارروائی نہیں ہوسکی اور ایوان کی کارروائی دوبارہ دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ صدر نشین راجندر اگروال نے 12 بجے زیرو آور شروع ہوتے ہی ایوان میں ضروری کاغذات پیش کئے ۔ اس کے ساتھ ہی اپوزیشن ارکان نے اپنے اپنے مقامات پر کھڑے ہو کر شور مچانا شروع کر دیا، ایوان میں چین کے معاملے پر بحث کا مطالبہ کرنے اور وزیر اعظم نریندر مودی سے جواب کا مطالبہ کرتے ہوئے مسلسل نعرے بازی کرتے رہے ۔اس پر پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے کہا کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے چین کے معاملے پر بیان دیا ہے ، فوج کی جانب سے بھی بیان جاری کیا گیا ہے ۔ یہ بہت حساس معاملہ ہے ۔ ایوان میں اس پر بحث کرنا مناسب نہیں ہے ۔ ماضی میں بھی ایسے واقعات ہوتے رہے ہیں جب اپوزیشن نے حکومت کی اپیل کو قبول کیا اور ایوان میں حساس معاملات پر بحث کا مطالبہ کرنے سے پیچھے ہٹ گئے ۔ جوشی نے کہا کہ ایوان کے پاس ابھی بھی بہت سے اہم کام باقی ہیں، اپوزیشن کو تعاون کرنا چاہئے اور ایوان کا کام آسانی سے چلنے دینا چاہئے ۔ جوشی کی اپیل کو نظر انداز کرتے ہوئے اپوزیشن ارکان نے ہنگامہ جاری رکھا ۔اس کے بعد صدر نشیں اگروال نے ایوان کی کارروائی دو بجے تک ملتوی کر دی۔اس سے قبل اس معاملے پر شوروغل کی وجہ سے وقفہ سوالات نہیں ہو سکا تھا۔ اپوزیشن ارکان کے چین کے معاملے پر زبردست ہنگامہ کی وجہ سے اسپیکر اوم برلا نے ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کر دی تھی ۔