حیدرآباد : پرانے شہر کے علاقہ اپو گوڑہ ، چھتری ناکہ میں آج اُس وقت کشیدگی پھیل گئی جب ایک شخص نے انڈومنٹ کی اراضی کا قبضہ لینے کی کوشش کی ۔اپو گوڑہ میں واقع ایک مندر سے متصل 8 ایکر اراضی کے مالک ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے نرسمہا ریڈی نے سٹی سیول کورٹ سے آرڈر حاصل کرلیا اور اُس پر پولیس کی مدد سے شیڈ تعمیر کرنے کی کوشش کی ۔ مقامی اکثریتی فرقہ کی عوام نے اس اقدام پر احتجاج کیا اور کچھ ہی دیر میں وہاں پر بی جے پی کے کئی کارکن پہنچ گئے ۔ حالات کشیدہ ہونے کے نتیجہ میں تقریباً 35 بی جے پی کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لیکر دبیر پورہ پولیس اسٹیشن منتقل کیا ۔ آج دوپہر پولیس اسٹیشن کے روبرو بی جے پی قائدین بشمول ریاستی بی جے پی صدر بنڈی سنجے ، ٹی راجہ سنگھ اور دیگر وہاں پہنچ گئے اور اشتعال انگیز نعرہ بازی کی ۔ اس موقع پربعض مجلسی کارکن بھی اکھٹا ہوگئے اور دونوں سیاسی پارٹیوں کے کارکنوں نے ڈرامائی انداز میں احتجاج کیا اور ایک دوسرے کے خلاف نعرہ بازی کی ۔ پولیس نے حراست میں لئے گئے بی جے پی کارکنوں کو آج شام رہا کردیا۔
