نئی دہلی۔ مشہور ذہنی کنڈیشنگ کوچ پیڈی اپٹن اس سال کے آخر میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل مختصر مدت کے معاہدے کے لئے ہندوستانی ٹیم میں دوبارہ شامل ہونے کے بارے میں پرجوش ہیں۔ اپٹن، جو 2011 کے ورلڈ کپ چمپئن انڈیا کے معاون عملے کا حصہ تھے، پورٹ آف اسپین میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ون ڈے سے قبل ٹیم میں شامل ہوں گے۔ وہ آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ تک ہندوستانی ٹیم کا حصہ رہیں گے۔ اپٹن نے ٹویٹ کیا ہندوستانی ٹیم میں واپسی اور اپنے دیرینہ ساتھی، میرے دوست اور ہیڈ کوچ راہول ڈراویڈ کے ساتھ کام کرنے پر پرجوش اور اعزاز کی بات ہے۔ راجستھان رائلز کا شکریہ جس کے ساتھ ہم دونوں ساتھ رہے۔ اپٹن کو پہلی بارسابق ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے شامل کیا تھا جب انہوں نے 2008 میں سینئر ٹیم کا چارج سنبھالا تھا۔ دونوں کی 2011 تک کامیاب جوڑی رہی۔ اس کے بعد اپٹن آئی پی ایل کی مختلف ٹیموں سے وابستہ رہے ۔