اچم پیٹ میں محکمہ جنگلات کی جارحیت ، قبائیلیوں پر حملہ ، کئی زخمی

   

گورنمنٹ وہپ جی بالراج اور کلکٹر ایل شرمن کا سرکاری ہاسپٹل دورہ ، ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کرنے متاثرین کو تیقن
اچم پیٹ۔ضلع کلکٹر ایل شرمن نے متنبہ کیا کہ کسی کوبھی قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہے۔ ضلع کلکٹر نے اچم پیٹ ایم ایل اے و گورنمنٹ وہپ گوالا بالراج کے ہمراہ اچم پیٹ کے سرکاری اسپتال میں زیر علاج متاثرین کی عیادت کی جہاں محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے بالمور زون چنچوپلی تانڈہ قبائلیوں پر حملہ کرتے ہوئے انھیں شدید زخمی کردیا۔ کلکٹر نے زخمیوں سے واقعہ کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اس موقع پر کلکٹر نے زخمی متاثرین کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ حملے میں ملوث مجرموں کوکڑی سزا دی دلوانے کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر بہتر علاج کے لئے محبوب نگر یا حیدرآباد بھیجنے کے لئے ایمبولینس تیار ہے۔انہوں نے ایک ڈاکٹر اور دوسرے طبی عملے کو حکم دیا کہ وہ وہاں 24 گھنٹے قیام کریں اور علاج مہیا کریں۔کلکٹر دو مریضوں کو ایک ہی بستر پر علاج کرتے دیکھ کر میڈیکل حکام پربرہم ہوئے۔ انہوں نے فوری طور پربستروں اور پنکھوں کا انتظام کرنے اوربہتر شفا یابی فراہم کرنے کے لئے کہا۔انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کے خلاف ایف۔آئی۔آر درج کیا گیا ہے۔ خواتین کو دیکھے بغیر ان پر شدید حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔مقامی ایم ایل اے گوولا بالاراجو نے بتایا کہ قبائلی 14 خواتین تہوار کے موقع پر پھول چننے کی غرض سے جنگل میں گئیں تھیں۔ اور 9مرد شامل تھے جن میں سے 50 سے 60سال کی عمر کے لوگ بھی شامل تھے۔ انہوں نے رات کے وقت اس غیر انسانی حملے پر محکمہ جنگلاتی عہدیداروں پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی اور لمباڈی طبقہ اپنی معاش کے لئے جنگل کی مصنوعات پر انحصار کرتے ہیں۔ان پرمحکمہ جنگلات کے اہلکاروں کی جانب سے اس طرح کے حملوں کو وزیر اعلیٰ کے نوٹس میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر زخمیوں کو بہتر علاج کی ضرورت محسوس ہوئی تو حیدرآباد کے کارپوریٹ اسپتال میں مفت علاج کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس حملے کے ذمہ داران کی شناخت کی گئی ہے اور انہیں سخت سزا دی جائے گی۔انہوں نے متاثرین کو یقین دلایا گیا کہ جب تک انہیں انصاف نہیں ملتا وہ لڑیں گے۔اس موقع پرآر ڈی او پانڈو نائک ،اچم پیٹ تحصیلدار چندر شیکھر ، اچم پیٹ رینجرمرلی منوہر ، امرا آبادزیڈ پی ٹی سی منتریا نائک ، رامابو اور دیگر موجود تھے۔