اچھا کیچ کرنے ‘ گیند پر نظر ضروری : پرینکا گاندھی

,

   

معاشی صورتحال پر ‘ کانگریس لیڈر کی حکومت پر تنقید
نئی دہلی 13 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے آج معیشت پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے کرکٹ کی زبان استعمال کی ہے اور کہا کہ ایک اچھا کیچ پکڑنے کیلئے گیند پر نظر رکھنا ضروری ہے اور کھیل کا صحیح جذبہ بھی ہونا چاہئے ۔ اگر ایسا نہیں ہوا تو پھر آپ کشش ثقل اور حساب کتاب یا پھر اولا اوبیر کو ذمہ دار قرار دینگے ۔ انہوں نے یہ ریمارک اس وقت کیا ہے جب کل ہی وزیر صنعت و تجارت پیوش گوئل کو انٹرنیٹ پر عوامی تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑا تھا کیونکہ انہوں نے وضاحت کی تھی کہ ملک کی معیشت کو 5 ٹریلین ڈالر تک پہونچانے کا جوعہد ہے اس کو عدد ( گنتی ) یا پھر حساب کتاب کی نظر سے نہیں دیکھا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ ریاضی سے البرٹ آئنسٹائن کو کشش ثقل سے متعلق نظریہ میں مدد نہیں ملی تھی ۔ پرینکا گاندھی نے ایک ویڈیو بھی سوشیل میڈیا پر پیش کیا جس میں ایک فیلڈر کو باونڈری لائین پر ایک انتہائی مشکل کیچ کرتا دیکھا گیا ہے ۔ کانگریس کا مسلسل کہنا ہے کہ معیشت کے سدھار پر حکومت کی توجہ نہیں ہے اور وہ زبانی جمع خرچ سے کام چلا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اچھا کیچ کرنے کیلئے اس طرح گیند پر مسلسل نظر رکھنے کی ضرورت پڑتی ہے اور ساتھ ہی کھیل کا حقیقی جذبہ بھی موجود رہنا ضروری ہوتا ہے ۔