اسلام آباد: پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ہندوستان اور پاکستان کو “ماضی کو دفن کرنے اورمستقبل کے بارے میں سوچنے پر زور دیا۔ انہوں نے ہندوستانی وزیر خارجہ کے دورہ اسلام آباد کو”اچھی شروعات” قرار دیا۔وزیر اعظم شہباز شریف کے بھائی اور حکمران اتحاد کی قیادت کرنے والے پی ایم ایل (این) کے سربراہ شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کے اجلاس کی رپورٹنگ کے لئے پاکستان جانے والے ہندوستانی صحافیوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے ایس سی او اجلاس میں ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی شرکت کو اچھی شروعات قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کو یہاں سے آگے بڑھنا چاہیے۔نواز شریف نے ہندوستانی صحافیوں کے ایک گروپ سے کہاکہ بات جو ہے ایسے ہی بڑھتی ہے… بات ختم نہیں ہونی چاہیے… اچھا ہوتا اگر مودی صاحب خود تشریف لاتے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے دفتر میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران نواز شریف کی صاحبزادی اور وزیر اعلیٰ مریم نواز بھی موجود تھیں۔وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ اپنی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے، جنہوں نے دسمبر 2015 میں پاکستان کا اچانک دورہ کیا تھا، نواز شریف نے کہا کہ ہم نے دھاگے کو جہاں چھوڑا تھا اسے اٹھا لینا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم نے 75 سال کھوئے ہیں، اب (ہمیں) اگلے 75 سالوں کے بارے میں سوچنا چاہیے۔