نارائن پیٹ میں ہریتا ہارم پروگرام سے خصوصی نمائندہ حکومت پرینکا ورگیس کا خطاب
نارائن پیٹ۔/11جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے ضلع نارائن پیٹ میں ہریتا ہارم پروگرام کا جائزہ اور ان کاموں کی پیش رفت کا بہ نفس نفیس دورہ کرتے ہوئے رہنمائی کیلئے بھیجی گئیں۔خصوصی نمائندہ شریمتی پرینکا ورگیس ( آئی ایف ایس ) او ایس ڈی نے نارائن پیٹ ضلع کا طوفانی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ضلع سطح پر ایک جائزہ اجلاس بھی طلب کیا۔ جس میں ہریتا ہارم سے متعلق کاموں کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں انہوں نے منڈل مکتھل، مریکل، نروا اور نارائن پیٹ کے نرسری مقامات کا دورہ کیا اور پودوں کی افزائش سے متعلق کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے نارائن پیٹ کے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول میں ہریتا ہرم پروگرام میں بھی حصہ لیا اور احاطہ اسکول میں پودے لگانے کی مہم میں شرکت کی۔ انہوں نے ضلع سطح کے ہریتا ہارم جائزہ اجلاس میں اس بات پر زور دیا کہ اچھی بارش کے لئے سرسبز و شادابی ضروری ہے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ خانگی و سرکاری دفاتر کے علاوہ ہر گھر میں درخت لگائے جائیں۔ انہوں نے اپنے دورہ کا مقصد بتاتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ہر ضلع کا اپنا خصوصی نمائندہ بھیج کر ہریتا ہارم کے کاموں میں پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے روانہ کیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نارائن پیٹ مسٹر ایس وینکٹ راؤ، ڈی آر او مسٹر روی کمار اور دیگر سرکاری محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔
