میلادالنبیؐ کے موقع پر خون کے عطیہ کیمپ سے رکن اسمبلی ینم سرینواس ریڈی کا خطاب
محبوب نگر ۔ 17 ۔ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) خون کا عطیہ اور تعلیم کا عطیہ ، انسانیت کیلئے یہ سب سے عظیم ہیں ۔ کوئی دوسرا عطیہ اس کا مقابلہ نہیں کرسکتا ۔ان خیالات کا اظہار مقامی ایم ایم اے ینم سرینواس ریڈی نے کیا ۔ وہ آج جشن میلادالنبیؐ کی مناسبت سے الماس فنکشن ہال میں منعقدہ مفت خون عطیہ کیمپ پر مخاطب تھے ۔ کیمپ کا اہتمام ’’ محبوب نگر ٹیم سوشیل ورکرز ویلفیر سوسائٹی ‘‘ نے کیا تھا ۔ ایم ایل اے نے کیمپ کا آغاز کیا اور کہا کہ خون ہنگامی حالات میں انسان کی زندگی بچانے کے کام آتا ہے ۔ لہذا خون کا عطیہ تمام عطیات میں سرفہرست ہے دوسرا عطیہ تعلیم کا ہے جس سے ہر فرد فائدہ اُٹھائے گا وہ ایک تعلیمیافتہ ہوگا بہتر زندگی گزارے گا ایک بہترین مستقل کا خواب دیکھے گا انہوں نے محبوب نگر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اچھے کاموں کیلئے محبوب نگر ہمیشہ آگے آگے رہا ہے ۔ انہوں نے منتظمین کو مبارکباد دی ۔ کیمپ میں حصہ لینے اور عطیہ دینے والوں کو توصیف نامہ حوالہ کئے گئے ۔ منتظمین نے بھی ایم ایل اے کو تہنیت پیش کی بعدازاں ریڈکراس کے اراکین و ذمہ داران کو بھی یادگار ایوارڈز دیئے گئے ۔ اس موقع پر ٹی ایم ایف سی چیرمین عبیداللہ کوتوال ، میونسپل چیرمین آنند گوڑ ، مارکٹ کمیٹی چیرمین بی انیتا مدھوسدن ریڈی ، وائس چیرمین وجئے کمار ریڈکراس چیرمین لائن نٹراج ، سراج قادری ، ٹاؤن صدر لکشمن یادو ، محمد اعجاز و دیگر موجود تھے شرکت کرنے والوں میں ابراہیم قادری ، محمد فیاض ، محمد عبدالرحیم ، خالد نوید ، مظہر شہید ، الطاف ، بابل ریڈی ، پیر محمد صادق و دیگر شامل ہیں ۔