اڈانی، امبانی کے حق میں بنائے گئے قانون کو واپس لیا جائے

   

Ferty9 Clinic

سنگاریڈی میں مزدور کسان جدوجہد یاترا کا آغاز، چکاراملو و دیگرقائدین کا خطاب
سنگاریڈی۔ 16 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سی آئی ٹی یو کے ریاستی صدر چْکّا راملو نے الزام عائد کیا ہے کہ مرکزی بی جے پی حکومت عوامی حقوق کو پامال کرتے ہوئے کارپوریٹ کمپنیوں، خصوصاً آڈانی اور امبانی کو فائدہ پہنچانے کے لیے قوانین میں تبدیلیاں کر رہی ہے اور ملک کی دولت کو لوٹا جا رہا ہے سنگاریڈی ضلع مرکز میں راجیو پارک کے قریب مزدور، کسان جدوجہد یاترا کا آغاز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یو پی اے حکومت کے دور میں غریبوں اور دیہی مزدوروں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے شروع کی گئی مہاتما گاندھی نریگا اسکیم کو کمزور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مہاتما گاندھی کا نام ہٹا کر قانون کو تبدیل کرنا اور زرعی موسم میں 60 دن کام بند رکھنے کی شق شامل کرنا مزدوروں کو بھوکا رکھنے کے مترادف ہے۔چْکّا راملو نے چار لیبر کوڈس، بجلی ترمیمی قانون، بیج بل، وی بی جی رام جی قانون، انشورنس شعبہ میں 100 فیصد غیر ملکی سرمایہ کاری کی اجازت اور نیوکلیئر شعبہ کو نجی کمپنیوں کے حوالے کرنے پر شدید تنقید کی۔انہوں نے کہا کہ چار لیبر کوڈس کے ذریعے مزدوروں کو کم از کم اجرت سے محروم کیا جا رہا ہے اور یونین بنانے کے حق کو ختم کیا جا رہا ہے تاکہ صنعتکار من مانی استحصال کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ 16 سے 18 تاریخ تک سنگاریڈی اور سدی پیٹ اضلاع میں منڈلوں میں تشہیری مہم چلائی جائے گی اور 19 تاریخ کو ضلعی مراکز میں منعقد ہونے والے جلسوں کو کامیاب بنایا جائے سی آئی ٹی یو سنگاریڈی ضلع سکریٹری جی سائیلو نے کہا کہ مرکزی حکومت کی پالیسیاں مزدوروں، کسانوں اور زرعی مزدوروں کو مشکلات میں ڈال رہی ہیں۔ تلنگانہ کسان سنگھ کے ریاستی رہنما جے راج نے عوام سے اپیل کی کہ 19 جنوری کو منعقد ہونے والے مزدور۔کسان کے احتجاجی مظاہروں اور جلسوں میں بڑی تعداد میں شرکت کریں۔اس موقع پر سی آئی ٹی یو ضلع اسسٹنٹ سکریٹری ایم۔ یادگیری، زرعی مزدور سنگھ ضلع سکریٹری ایم۔ نرسملو، قائدین شیوا، بھیم ریڈی، پروین، پینٹیا، متھیالو اور دیگر کارکنان موجود تھے۔