اڈانی اور امبانی مسئلہ پر نریندر مودی کو راہول گاندھی کا کرارا جواب

,

   

الیکشن فنڈ کی سی بی آئی اور ای ڈی سے تحقیقات کا چیلنج، ٹیمپو میں کرنسی مودی کا شخصی تجربہ

حیدرآباد۔/8 مئی، ( سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی نے اڈانی اور امبانی کے مسئلہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کو کرارا جواب دیا ہے۔ وزیر اعظم نے آج تلنگانہ میں انتخابی ریالیوں سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی سے سوال کیا تھا کہ انہوں نے الیکشن کے اعلان کے ساتھ ہی اڈانی اور امبانی پر تنقید کیوں روک دی ہے۔ وزیر اعظم نے اڈانی اور امبانی سے الیکشن فنڈ حاصل کرنے حتیٰ کہ ٹیمپو میں کرنسی نوٹ حاصل کرنے کے شبہات کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم کی تقریر کا ویڈیو وائرل ہوتے ہی راہول گاندھی نے جواباً ویڈیو وائرل کیا جس میں وزیر اعظم کو چیلنج کیا گیا کہ وہ سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے ذریعہ اڈانی اور امبانی سے رقومات حاصل کرنے کی جانچ کرائیں۔ راہول گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم شاید کسی قدر گھبرا گئے ہیں، عام طور پر وہ بند کمروں میں اڈانی اور امبانی کی بات کرتے رہے لیکن پہلی بار عوام کے درمیان اڈانی اور امبانی کہا۔ راہول گاندھی نے ٹیمپو میں کرنسی نوٹ حاصل کرنے سے متعلق بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کا شاید شخصی تجربہ ہوگا اور انہوں نے ٹیمپو میں کرنسی نوٹ حاصل کئے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ کیا ٹیمپو میں کرنسی نوٹ دیئے جاتے ہیں، شاید آپ کو یہ معلوم ہے کیونکہ یہ آپ کا شخصی تجربہ ہے۔ راہول گاندھی نے دہرایا کہ نریندر مودی نے اڈانی اور امبانی کو جتنا پیسہ دیا ہے اتنا ہی پیسہ کانگریس پارٹی ہندوستان کے غریبوں میں تقسیم کرے گی۔ مہا لکشمی اور نوکری ضمانت اسکیمات کے ذریعہ کروڑہا افراد کو لکھ پتی بنایا جائے گا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ نریندر مودی نے صرف 22 ارب پتی بنائے ہیں اور ہم کروڑہا لکھ پتی تیار کریں گے۔1