اڈانی کے شیئرز میں ہلچل ،بازار سے کھلواڑ ناقابل برداشت : سیبی

   

نئی دہلی : سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (سیبی) نے کہا کہ وہ اپنے بنیادی اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے اسٹاک مارکیٹ میں منصفانہ اور تمام ضروری نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ خیال رہے کہ ہنڈن برگ کی رپورٹ کے سبب اڈانی کے شیئروں میں لگاتار گراوٹ درج کی جا رہی ہے۔ رپورٹ کا اثر گروپ میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کے شیئروں پر بھی نظر آ رہا ہے، جس کے حوالہ سے تنازعہ ہو رہا ہے۔ وہیں، اس پر سیبی کی خاموشی پر کئی سوال کھڑے ہو رہے تھے۔سیبی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کسی کا نام لیے بغیر کہا گیا ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ اسٹاک مارکیٹ بغیر کسی رکاوٹ کے شفاف، موثر انداز میں کام کرے، جیسا کہ یہ اب تک کرتا آیا ہے۔ نیز، مارکٹ کے ساتھ کسی طرح کا کھلواڑ نہیں ہونے دیں گے اور سرمایہ کاروں کے ساتھ کوئی گڑبڑ نہیں ہونے دی جائے گی۔بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران ایک کاروباری گروپ کے حصص کی قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا ہے۔ مارکیٹ کے ہموار اور موثر کام کے لیے خاص اسٹاک میں انتہائی اتار چڑھاؤ سے نمٹنے کے لیے تمام مانیٹرنگ میکانزم موجود ہیں۔