اڈانی گروپ اب طیارہ سازی کے میدان میں کام کرے گا

   

Ferty9 Clinic

برازیلین کمپنی Embraer سے معاہدہ ۔شہر میں ائر شو کے دوران اعلان متوقع

حیدرآباد 8 جنوری ( سیاست نیوز) اڈانی گروپ اب طیارہ سازی میں قدم رکھنے جا رہاہے !ہندستان میں طیارہ سازی بالخصوص مسافر بردار طیاروں کی تیاری کیلئے اڈانی ایرواسپیس نے برازیلین کمپنی Embraer سے معاہدہ کرلیا لیکن تاحال اس پر دونوں ہی کمپنیوں کے کسی ذمہ دار نے کوئی تردید یا توثیق نہیں کی ہے لیکن کہا جا رہاہے کہ جاریہ ماہ کے اواخر میں شہر حیدرآباد میں ہونے والے ’ ائیرشو‘ میں اس معاہدہ کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ہندستان میں بوئینگ اور ائیر بس کے بعد اب مختصر مسافت کیلئے استعمال ہونے والے طیاروں کی تیاری اور اسمبلنگ کا کام شروع ہونے جا رہاہے اور ان میں 70 تا 146 مسافرین کی گنجائش موجود ہوگی۔ بتایا گیا کہ ان طیاروں کی تیاری کیلئے تاحال ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیاگیا ہے کہ Embraer ہندوستان میں اپنی سرگرمیوں کا آغاز کب سے کرے گا جبکہ مذکورہ کمپنی فی الحال ہندستان کے مختلف 11 طرح کے طیاروں کی تیاری پر کام کر رہی ہے لیکن یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ ہندستان میں Embraer کے تعاون سے مسافر بردار جہاز تیار کئے جائیں گے۔ اس کمپنی کے طیاروں کو Star Air کمپنی استعمال کر رہی ہے اور کہا جار ہاہے کہ ہندستان میں اڈانی گروپ کے ساتھ ان مسافر بردار ہوائی جہاز کی تیاری کے دوران اسٹار ائیر سے مزید طیاروں کے آرڈر دیئے جائینگے۔ہوابازی کے شعبہ کے مطابق Embraer کے 50 طیارے جو مختلف اقسام کے ہیں جن میں کمرشیل ڈیفنس طیاروں کے علاوہ اسٹار ائیر کے مسافر بردار طیارے شامل ہیں ہندوستان میں موجود ہیں ۔ کمپنی اب جبکہ ہندستان میں ہی طیارہ سازی کے اقدامات کر رہی ہے تو کمپنی کو دیگر ائیر لائنس میں چلائی جانے والی پروازوں کیلئے بھی آرڈر ملنے کی توقع ہے۔3