نئی دہلی: اڈانی گروپ پر امریکی فرم ہنڈن برگ ریسرچ کی رپورٹ کو لے کر اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان نے پیر کو پارلیمنٹ میں ہنگامہ آرائی کی، جس کے نتیجے میں مسلسل تیسرے دن کوئی کام نہیں ہوسکا اور دونوں ایوانوں کی کارروائی میں دو بار خلل پڑنے کے بعد دن بھر کے لیے ملتوی کر دی گئی۔صبح لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی شروع ہونے کے فوراً بعد دونوں ہی ایوانوں میں اپوزیشن کانگریس، ترنمول کانگریس، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی، شیو سینا، دراوڑ منیترا کزگم، راشٹریہ جنتا دل، جنتا دل یونائیٹڈ، عام آدمی پارٹی اور کئی دیگر جماعتوں کے ارکان نے اڈانی گروپ کے خلاف رپورٹ پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ شروع کردیا۔لوک سبھا میں اپوزیشن ارکان ہنڈن برگ رپورٹ پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ کر رہے تھے ۔ شور شرابے کے درمیان اسپیکر اوم برلا نے ایوان کی کارروائی دو بجے تک ملتوی کر دی۔راجیہ سبھا میں اپوزیشن نے اس رپورٹ پر فوری بحث کے لیے ہنگامہ آرائی کی۔ اس دوران ایوان میں ضروری دستاویزات میز پررکھنے کے عمل کو مکمل کرتے ہوئے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے کہا کہ انہیں قاعدہ 267 کے تحت 10 نوٹس موصول ہوئے ہیں، لیکن ضوابط کے مطابق نہ ہونے کی وجہ سے نامنظور کردیا گیا ہے ۔