اڈانی گروپ کی شمال مشرقی خطے میں ایک لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری

   

نئی دہلی، 23 مئی (یو این آئی) اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی نے آسام سمیت شمال مشرقی خطے کے لئے ایک دہائی کے دوران ایک لاکھ کروڑ روپے کی بھاری سرمایہ کاری کے عہد کا اعلان کیا ہے ۔ اڈانی نے جمعہ کو یہاں شمال مشرقی خطے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے منعقدہ دو روزہ سرمایہ کار کانفرنس – رائزنگ نارتھ ایسٹ گلوبل انویسٹرس سمٹ – کے افتتاحی اجلاس میں وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں کہا کہ شمال مشرقی ریاستوں میں اڈانی گروپ کی مجوزہ سرمایہ کاری سبز توانائی، بجلی کی ترسیل، سڑکوں، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، لاجسٹکس اور انسانی سرمایہ کی ترقی پر توجہ مرکوز کرے گی۔
شمال مشرقی خطہ کی ترقی کے وزیر جیوترادتیہ سندھیا، منی پور کے گورنر اور شمال مشرقی خطے کی دیگر ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور سینئر لیڈران اور صنعت کار کانفرنس میں موجود تھے ۔ مسٹر اڈانی نے اعلان کیا کہ”ہماری توجہ اسمارٹ میٹرز، ہائیڈرو، پمپڈ اسٹوریج، پاور ٹرانسمیشن، سڑکیں اور ہائی ویز، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، لاجسٹکس کے ساتھ ساتھ ہنر اور پیشہ ورانہ تربیتی مراکز کے ذریعے صلاحیت کی تعمیر پر مرکوز رہے گی’’۔ انہوں نے کہا کہ صرف تین ماہ قبل فروری میں “ایڈوانٹیج آسام 2.0” سمٹ میں، اڈانی گروپ نے شمال مشرق کے لیے 50,000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا اور اب وہ اسے دس سالوں میں دوگنا کرنے کا اعلان کر رہا ہے ۔ وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے مسٹر اڈانی نے کہاکہ “آپ کی قیادت سے متاثر ہو کر، میں اعلان کرتا ہوں کہ اڈانی گروپ اگلے 10 سالوں میں شمال مشرق میں مزید 50,000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرے گا۔” وزیر اعظم مودی کی قیادت میں شمال مشرق کی تبدیلی کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2014 سے اب تک اس خطہ میں 6.2 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے اور خطے میں سڑکوں کا جال دوگنا ہو کر 16,000 کلومیٹر ہو گیا ہے اور ہوائی اڈوں کی تعداد نو سے بڑھ کر 18 ہو گئی ہے ۔ انہوں نے وزیر اعظم کے ‘ایکٹ ایسٹ، ایکٹ فاسٹ، ایکٹ فرسٹ’ کے اصول کو خطے کی ترقی کے لیے ایک اہم موڑ قرار دیا۔ مسٹر اڈانی نے کہاکہ”یہ صرف ایک پالیسیںنہیں ہے ، یہ آپ کی بڑی سوچ کی علامت ہے ۔” مسٹر اڈانی نے کہا کہ ان کا گروپ اس خطے میں ملازمتوں کی تخلیق، کاروبار اور کمیونٹی کی شمولیت کو ترجیح دے گا۔ انہوں نے کہاکہ “انفراسٹرکچر سے زیادہ ہم انسانی وسائل میں سرمایہ کاری کریں گے ۔ ہر اقدام مقامی ملازمتوں، مقامی کاروباری اور کمیونٹی کی شمولیت کو ترجیح دے گا۔ شمال مشرق کے اپنے بھائیوں اور بہنوں کے لیے ہم آپ کے خوابوں، آپ کے وقار اور آپ کی تقدیر کے ساتھ کھڑے ہوں گے ۔”