حیدرآباد 25 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاست میں نئے قائم شدہ 65 اڈوانسڈ ٹیکنالوجی سنٹرس میں موجودہ 6 طویل مدتی ٹریڈس کی برقراری کے علاوہ نئے ٹریڈس اور کورسیس کی سفارش کے لئے کمیٹی تشکیل دی ہے۔ پرنسپل سکریٹری لیبر اینڈ ایمپلائمنٹ داناکشور نے اس سلسلہ میں جی او آر ٹی 474 جاری کیا۔ اڈوانسڈ ٹیکنالوجی سنٹرس میں نئے کورسیس متعارف کرنے کے سلسلہ میں ریجنل ڈائرکٹر اسکل ڈیولپمنٹ اور انٹرپرینرشپ کی صدارت میں 11 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ ٹیم کمپوزٹ کے سی ای او نائب صدرنشین ہوں گے جبکہ کنوینر کے طور پر جوائنٹ ڈائرکٹر ٹریننگ سی ای ٹی کو مقرر کیا گیا۔ ارکان میں لائف سائنسیس، ٹاٹا ایرو اسپیس، ای سی آئی ایل، سی آئی آئی، کریڈائی، ٹاٹا ٹیکنالوجیز لمیٹیڈ، ایرو اسپیس کے نمائندوں کو شامل کیا جائے گا۔ کمیٹی اندرون 2 ماہ حکومت کو رپورٹ پیش کرے گی جس کی بنیاد پر اڈوانسڈ ٹیکنالوجی سنٹرس میں نئے کورسیس متعارف کئے جائیں گے۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے اڈوانسڈ ٹیکنالوجی سنٹرس میں نئے کورسیس متعارف کرنے سے ریاست میں نوجوانوں کو نئے کورسس سیکھنے اور روزگار حاصل کرنے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ حکومت ریاست میں بیروزگاروں کو روزگار فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔1