اڈوانی کا بیان، مودی حکومت کی کارکردگی پر درپردہ نکتہ چینی

   

مایاوتی کی جانب سے بی جے پی کے سابق صدر کی ستائش
لکھنؤ۔ 6 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے ہفتہ کے دن کہا کہ بی جے پی کے بزرگ قائد ایل کے اڈوانی نے اپنے بلاگ پوسٹ میں جو کچھ کہا ہے، وہ مودی کی قیادت میں کارکرد بی جے پی کی کارکردگی کے تعلق سے حقیقت بیانی پر مبنی ہے۔ مایاوتی بظاہر اڈوانی کے اس بیان کا حوالہ دے رہی تھیں جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بی جے پی نے کبھی ان لوگوں کو قوم دشمن یا اپنا ذاتی دشمن تصور نہیں کیا جو اس سے اتفاق نہیں کرتے تھے، تاہم اس نے انہیں صرف اپنا مخالف سمجھا۔ ایک پوسٹ میں مایاوتی نے کہا کہ بی جے پی کے یوم تاسیس پر بی جے پی کے بزرگ قائد اڈوانی کی بی جے پی اور مودی حکومت کی فہمائش ان کے شدید عدم اعتماد کے علاوہ عوام سے مودی کی آمرانہ و مخالف عوام حکومت کے خلاف ایک دردمندانہ اپیل بھی ہے کہ یہ حکومت دوبارہ اقتدار پر آنے کے قابل نہیں ہے۔ اسے ہرگز منتخب نہ کریں۔ اڈوانی نے اپنے بلاگ میں جو کچھ کہا اسے بہت سے سیاسی حلقوں نے بی جے پی کی موجودہ قیادت پر درپردہ نکتہ چینی سے تعبیر کیا ہے جو اپنے مخالفین کو پاکستان کی طرح اپنا دشمن قرار دیتی ہے اور ان پر الزام لگاتی ہے کہ وہ قوم دشمن عناصر کے ساتھ سازباز کرتے ہیں۔