سینئر بی جے پی قائد اور موجودہ مرکزی وزیر اوما بھارتی کا سینئر قائد کو مشورہ
نئی دہلی 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی قائد اور مرکزی وزیر اوما بھارتی نے آج کہاکہ نامور بی جے پی قائد ایل کے اڈوانی کو اسرار کا پردہ چاک کرنا چاہئے جبکہ اُنھیں آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لئے پارٹی امیدوار مقرر نہیں کیا گیا ہے۔ اوما بھارتی نے کہاکہ ان کی امیدواری بھی اِس کی وجہ سے متاثر ہوئی ہے اور وہ فیصلہ نہیں کرپارہی ہیںکہ آئندہ انتخابات میں مقابلہ کریں یا نہ کریں۔ 91 سالہ نامور قائد کی دل کھول کر تعریف کرتے ہوئے اوما بھارتی نے کہاکہ اب اڈوانی کو پارٹی کو دوبارہ اسی موقف میں لانے کے لئے جس میں وہ وزیراعظم نریندر مودی سے برسر اقتدار آنے کے بعد رہی ہے، مرکزی کردار ادا کرنا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ اپنے طویل سیاسی کیرئیر میں کسی بھی عہدے کی خواہشمند کبھی بھی نہیں رہیں۔ وہ ایک ایسی سیاسی قائد ہیں جو درست ہے وہی کہتی ہیں اور فضاء میں دھند پیدا ہونے نہیں دیتیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اڈوانی کی امیدواروں کی فہرست میں عدم موجودگی پر جو اسرار کا پردہ پڑا ہوا ہے اُسے اڈوانی جی ہی چاک کرسکتے ہیں اور اُنھیں ایسا کرنا چاہئے تاکہ اُن کے تبصرے سے دیگر افراد بشمول اُن کے فائدہ پہونچے۔ وہ پارٹی کی جانب سے اڈوانی کو آئندہ عام انتخابات میں کسی بھی نشست سے امیدوار مقرر نہ کرنے کے بارے میں تبصرہ کررہی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ پارٹی کی جانب سے سرکاری طور پر بیان نہیں دیا گیا کہ 91 سالہ قائد آئندہ انتخابات میں امیدوار کیوں نہیں بنائے گئے حالانکہ وہ طویل ترین عرصہ تک پارٹی کے صدر برقرار رہ چکے ہیں۔ کئی نامور قائد بشمول شانتا کمار، بی سی کھنڈوری اور کریا منڈا کو بی جے پی نے اس بار لوک سبھا انتخابات میں پارٹی ٹکٹ سے محروم کردیا ہے ۔