کرفیو نافذ‘ انٹرنیٹ بند، دکانوں میں توڑ پھوڑ‘پولیس چوکس
کٹک۔5؍اکتوبر( ایجنسیز )اڈیشہ کے کٹک میں جھڑپوں کے بعد انٹرنیٹ پر پابندی، دکانوں میں توڑ پھوڑ، شہر کے درگاہ بازار کے علاقہ میں ایک جلوس کے دوران اونچی آواز میں موسیقی پر ہونے والے جھگڑوں کی وجہ سے مبینہ طور پر جھڑپیں ہوئیں۔اڈیشہ کا کٹک ہزار سال پرانا شہر ہے جو اپنی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے جانا جاتا ہے۔ دو دن قبل درگا پوجا کی مورتی وسرجن میں جھڑپوں کے بعد تشدد کے تازہ واقعات کے بعد اتوار کو حالات کشیدہ ہوگئے۔پولیس نے کٹک کے بعض حصوں میں 36گھنٹوں کیلئے کرفیو نافذ کردیا جبکہ انٹر نٹ کو بھی بند کردیا گیا ہے۔یہ جھڑپیں شہر کے درگاہ بازار کے علاقے میں ایک جلوس کے دوران اونچی آواز میں موسیقی پر اختلاف کی وجہ سے ہوئی ہیں، جس کے بعد سے انٹرنیٹ بند کردیا گیا پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق تشدد کا پہلا واقعہ ہفتہ کی صبح اس وقت پیش آیا جب درگا بازار کے علاقے سے کاتھاجوڑی ندی کے کنارے کی طرف گزرنے والے ایک درگا مورتی وسرجن جلوس کو مقامی لوگوں کے ایک گروپ نے روک دیا جنہوں نے رات گئے ہائی ڈیسیبل میوزک پر اعتراض کیا۔چھتوں سے پتھر اور شیشے کی بوتلیں پھینکی گئیں ‘ جلوس کے ارکان نے جوابی کارروائی کی جس میںکٹک کے ڈی سی پی سمیت کئی لوگ زخمی ہو گئے۔پولیس نے چوکسی اختیار کرلی۔