حیدرآباد ۔ 17۔ مئی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے اڈیشہ میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا ۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے کے ہمراہ بھٹی وکرمارکا نے پھولبھنی لوک سبھا حلقہ میں ایک بڑی ریالی میں شرکت کی ۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے ، اڈیشہ کے صدر پردیش کانگریس شرد پٹنائک ، اے آئی سی سی قائدین بھکت چرن داس اور آر سی کنتیا بھی انتخابی مہم میں شریک تھے۔ ملکارجن کھرگے نے خطاب کرتے ہوئے عوام کو یقین دلایا کہ مرکز میں کانگریس برسر اقتدار آنے پر غریبوں کے حق میں اعلان کردہ پانچ ضمانتوں پر عمل آوری کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہر غریب خاندان کی ایک خاتون کو سالانہ ایک لاکھ روپئے کی امداد فراہم کی جائے گی۔ ملک بھر میں سرکاری محکمہ جات کی مخلوعہ 30 لاکھ جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے ۔ ملکارجن کھرگے نے دعویٰ کیا کہ مرکز میں اپوزیشن اتحاد کی حکومت قائم ہوگی۔ انہوں نے بی جے پی کے 400 نشستوں کے دعوے کو مسترد کردیا اور کہا کہ ملک میں بی جے پی کے خلاف عوامی لہر پائی جاتی ہے ۔ بھٹی وکرمارکا نے ریالی سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی حکومت کی جانب سے اپوزیشن زیر اقتدار ریاستوں سے ناانصافی کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ تلگو ریاستوں سے مرکزی حکومت نے جو وعدے کئے تھے، انہیں فراموش کردیا گیا۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت برسر اقتدار آتے ہی عوام سے کئے گئے وعدوں پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے صدر کانگریس ملکارجن کھرگے سے ملاقات کی اور تلنگانہ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے صدر کانگریس کو بتایا کہ کانگریس پارٹی 12 تا 14 لوک سبھا نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ 1