اڈیشہ میں تمام کابینی وزراء مستعفی

   

نئے وزراء کی آج حلف برداری‘ اسمبلی انتخابات کیلئے چیف منسٹر کی تیاریاں
بھوبنیشور:اڈیشہ کی سیاست میں آج ایک بڑی اتھل پتھل دیکھنے کو اس وقت ملی جب نوین پٹنایک کابینہ کے تمام وزراء نے استعفیٰ دے دیا۔ دراصل چیف منسٹرنوین پٹنایک اپنی کابینہ میں رد و بدل کرنا چاہتے تھے اور اسی مقصد سے انھوں نے اپنے سبھی وزراء کو استعفیٰ دینے کی ہدایت دی تھی۔ اس ہدایت پر عمل کرتے ہوئے سبھی وزراء نے استعفیٰ کا اعلان کر دیا۔ اب نئے وزراء کل یعنی 5 جون کو حلف لیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سب سے پہلے سوریہ نارائن پاترو نے اڈیشہ اسمبلی کے اسپیکر کو اپنا استعفیٰ سونپا، پھر پٹنایک کابینہ کے سبھی وزراء نے یکے بعد دیگرے استعفیٰ دینا شروع کر دیا۔ یہ بھی خبریں سامنے آئی ہیں کہ تنازعہ کا شکار ہونے والے کچھ لیڈروں کی وجہ سے حکومت پر سوال اٹھ رہے تھے، لہٰذا کابینہ میں رد و بدل کا فیصلہ لیا گیا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نئی کابینہ کی حلف برداری اتوار کو دن میں تقریباً 12 بجے ہوگی۔ کون کون سے اراکین اسمبلی وزارتی عہدہ کا حلف لیں گے، اس سلسلے میں فی الحال کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے۔ یہ اندازہ ضرور لگایا جا رہا ہے کہ ریاست میں 2024 میں اسمبلی انتخاب ہونا ہیں، اسی کے پیش نظر نوین پٹنایک اپنی نئی ٹیم تیار کرنا چاہتے ہیں۔ اس نئی ٹیم کے ساتھ اسمبلی انتخاب کی تیاریاں بھی شروع ہو جائیں گی۔