اڈیشہ میں شراب کی نئی دکانیں نہیں کھولی جائیں گی

   

بھونیشور، 23 ستمبر (یو این آئی) اڈیشہ حکومت نے واضح کیا ہے کہ اس کے پاس ریاست میں شراب کی نئی دکانیں کھولنے کی کوئی تجویز نہیں ہے ۔یہ وضاحت کچھ حلقوں کی جانب سے حالیہ اسمبلی اجلاس کے دوران ایکسائز وزیر پرتھوی راج ہری چندن کے بیانات کو غلط انداز میں پیش کرنے کے بعد سامنے آئی ہے ۔ریاستی ایکسائز کمشنر نے کہا کہ حکومت کا مستقبل قریب میں شراب کی نئی دکانیں کھولنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور اس کے پاس اس سلسلے میں کوئی تجویز بھی نہیں ہے ۔ ایکسائز پالیسی کے سیکشن 26 کے مطابق تعلیمی اداروں کے 500 میٹر، مذہبی مقامات کے 300 میٹر اور عوامی اسنان کھاٹوں کے 100 میٹر کے اندر شراب کی دکانیں نہیں کھولی جا سکتیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی خلاف ورزی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ افسران نے زور دے کر کہا کہ اسکولوں اور مندروں کے قریب شراب فروخت نہیں کی جائے گی اور محکمہ، شراب کی غیر قانونی تجارت اور فروخت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جانوں کا تحفظ ہمارے لیے محصول سے زیادہ اہم ہے ۔