اڈیشہ پنچایتی انتخابات :تیسرے مرحلے میں تشدد، پولنگ اسٹیشن پر قبضہ

   

بھونیشور: اڈیشہ میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے لیے تعینات بھاری سکیورٹی فورسز کے باوجود پنچایتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں تشدد اور پولنگ مراکز پر قبضے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ پولیس ذرائع نے کہا کہ ریاست میں انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے ضلعی پولیس افسران کے ساتھ 1625 موبائل پٹرولنگ ٹیمیں اور سکیورٹی فورسز کی 240 پلاٹونوں کو تعینات کیا گیا تھا ۔ ریاستی الیکشن کمیشن ( ایس ای سی) نے پہلے مرحلے میں 25 اور دوسرے مرحلے میں 20 مراکزپر پولنگ میں خلل پڑنے کے بعد 45 مراکز میں دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ضلع جاج پور کے بنجھار پور بلاک کے بچول پنچایت کے پولنگ بوتھ پر قبضے کی خبر پر معلومات حاصل کرنے کے لئے پہنچے تین میڈیا اہلکاروں پر بدمعاشوں نے حملہ کر دیا ۔ جبکہ اسی پنچایت علاقے کے ایک اور واقعہ میں بدمعاشوں نے بوتھ نمبرچاراورچھ سے بیلٹ باکس کو لوٹ لیا۔ جس کے بعد ووٹنگ روک دی گئی۔ وہیں موقع پر پہنچے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر ( بی ڈی او) کو لوگوں نے گھیر لیا۔ایس ای سی کے سکریٹری آر این ساہو نے کہا کہ جاج پور ضلع کے علاوہ ریاست میں ووٹنگ بہتر طریقے سے ہوئی اور اس میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا گیا۔ساہو نے بتایا کہ دوپہر 12 بجے تک 45 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی۔ ریاست کے 29 اضلاع کے 63 بلاکوں کے 171 ضلع پریشد حلقوں کی 1382 پنچایتوں میں پنچایتی راج اداروں کے لئے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ووٹنگ کا عمل صبح 7 بجے شروع ہوا تھا ۔ ان انتخابات کے لیے جہاں 679 امیدوار میدان میں ہیں، وہیں 18,495 پولنگ مراکز میں 2,777 کو احساس قرار دیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ16 فروری کو پہلا مرحلہ اور 18 فروری کو دوسرے مرحلے کے لئے ووٹنگ ہوئی تھی جس میں بالترتیب 77.2 فیصد اور 78.3 فیصد ووٹ ڈالے گئے تھے ۔