بھوبنیشور:اڈیشہ کے سنبل پور شہر میں تازہ تشدد کے درمیان ضلع انتظامیہ نے غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ انٹرنیٹ خدمات بھی مزید دو دنوں کے لیے معطل کر دی گئی ہیں۔ سنبل پور صدر کے ڈپٹی ضلع مجسٹریٹ پرویش چندر دنڈسینا نے موجودہ حالات کی جانکاری کی بنیاد پر جمعہ کی دیر رات غیر معینہ مدت کیلئے کرفیو نافذ کرنے کا حکم جاری کر دیا۔جمعہ کی رات تشدد کے تارزہ واقعات پیش آئے ۔کچھ دکانوں میں آگ لگا دی گئی اور توڑ پھوڑ کی گئی۔ اس لیے انتظامیہ نے شہر میں تشدد کے بعد امن کی بحالی کو پیش نظر رکھتے ہوئے کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا۔حالانکہ ضلع انتظامیہ نے لوگوں کو صبح 8 بجے سے 10 بجے اور دوپہر 3.30 بجے سے شام 5.30 بجے کے دوران ضروری چیزوں کی خرید کرنے کی اجازت دی ہے۔ ڈپٹی ضلع مجسٹریٹ نے کرفیو کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔ کلکٹر نے عوام سے کسی بھی افواہ پر یقین نہ کرنے کی اپیل کی۔ کرفیو کی مدت کے دوران ایمبولنس اور فائر سروس جیسی ایمرجنسی خدمات کو آمد و رفت کی اجازت ہے۔