نئی دہلی: مرکزی وزیر برائے شہری ہوابازی جیوتی رادتیہ سندھیا نے آج راجیہ سبھا میں کہا کہ مودی حکومت کی اڑان اسکیم کے تحت 76 ایسے ہوائی اڈے شہری ہوا بازی کے نقشے پر آئے ہیں ، جن کا پہلے وجود ہی نہیں تھا اور اس اسکیم کے تحت 78 روٹس پر ایک سال بعد بھی پروازیں جاری ہیں۔ سندھیا نے سرمائی اجلاس کے پہلے دن ایوان میں وقفہ سوالات کے دوران ایک ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ اسکیم، جو وزیر اعظم نریندر مودی کے ویژن کے تحت شروع کی گئی تھی تاکہ عام لوگوں کے ہوائی جہاز میں بیٹھ کر سفر کرنے کے خواب کو پورا کیا جاسکے ۔ اس اسکیم کی وجہ سے اب روزانہ 1.03 لاکھ لوگ پرواز کر رہے ہیں۔ سندھیا نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت ایوی ایشن کمپنیوں کو وی جی ایف کے تحت تین سال تک امداد فراہم کی جارہی ہے ۔ اس اسکیم کے تحت تین سال گزرنے کے بعد بھی 78 روٹس پر طیاروں کی پروازیں جاری ہیں۔ شمال مشرق میں کل نو ہوائی اڈے چل رہے ہیں، جن میں سے چھ اڑان اسکیم کے تحت کام کر رہے ہیں۔مرکزی وزیر نے کہا کہ سال 2030 تک ملک میں فضائی مسافروں کی تعداد 43 کروڑ سالانہ تک پہنچنے کا تخمینہ ہے اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام منصوبے بنائے جا رہے ہیں۔
