نئی دہلی ۔ 21 اکتوبر (یو این آئی) اڑان (اڑے دیش کا عام ناگرک) اسکیم کے منگل کو نو سال مکمل ہونے کے بعد اب تک 1.56 کروڑ سے زیادہ مسافروں نے سستے ہوائی سفر کا فائدہ اٹھایا ہے ۔ شہری ہوابازی کی وزارت نے 21 اکتوبر 2016 کو اڑان اسکیم کا آغاز کیا تھا ، جس کے تحت پہلی پرواز 27 اپریل 2017 کو روانہ ہوئی تھی ۔ اس اسکیم کا ہدف ایسے ہوائی اڈوں کو ملک کے ہوائی نیٹ ورک سے جوڑنا تھا جہاں سے ایک ہفتے میں 14 سے کم پروازیں تھیں ۔ اس میں وہ ہوائی اڈے بھی شامل تھے جہاں سے کوئی باقاعدہ پروازیں دستیاب نہیں تھیں ۔ شہری ہوابازی کی مرکزی وزارت نے آج بتایا کہ اس اسکیم کے تحت اب تک 76 ہوائی اڈوں اور 15 ہیلی پورٹس کو فعال کیا جا چکا ہے ۔ دو واٹر ایروڈروم بھی شروع کیے گئے ہیں ۔ اڑان کے تحت اب تک 3,22,851 پروازیں چلائی جا چکی ہیں اور 1.56 کروڑ سے زیادہ گھریلو مسافروں نے سفر کیا ہے ۔ ایئر لائنز کو معاوضے کے طور پر 4,314.82 کروڑ روپے کی رقم ادا کی گئی ہے ۔