اکبراویسی پروٹم اسپیکر ہوں گے

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کی اسد ا ویسی سے بات چیت
حیدرآباد ۔7۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے نومنتخب ارکان کی حلف برداری کیلئے جلد اسمبلی اجلاس طلب کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ارکان کی حلف برداری کیلئے مجلس کے اکبر اویسی کو پروٹم اسپیکر منتخب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس سلسلہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے صدر مجلس اسد اویسی سے فون پر بات کی اور پروٹم اسپیکر کے فیصلہ سے واقف کرایا۔ ریونت ریڈی نے اسد اویسی کو تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی جس پر انہوں نے معذرت خواہی کی تاہم پرانے شہر کی ترقی کیلئے اقدامات کا مشورہ دیا۔ پروٹم اسپیکر کے عہدہ پر سینئر رکن کو منتخب کیا جاتا ہے ۔ اکبر اویسی اسمبلی کیلئے مسلسل 6 مرتبہ منتخب ہوچکے ہیں۔ موجودہ اسمبلی میں تملا ناگیشور راؤ ، اتم کمار ریڈی اور پوچارم سرینواس ریڈی 6 مرتبہ منتخب ہونے کا ریکارڈ رکھتے ہیں لیکن ناگیشور راؤ اور اتم کمار ریڈی کابینہ میں شامل کئے گئے۔ پوچارم سرینواس ریڈی کا تعلق بی آر ایس سے ہے اور وہ گزشتہ اسمبلی میں اسپیکر کے عہدہ پر فائز تھے۔ کانگریس نے پروٹم اسپیکر کے لئے اکبرالدین اویسی کے نام پر فیصلہ کیا ہے جس سے صدر مجلس نے اتفاق کیا۔ اسمبلی اجلاس کی تاریخ طئے ہونے کے بعد گورنر سوندرا راجن راج بھون میں پروٹم اسپیکرکو حلف دلائیں گی اور وہ اسمبلی میں نو منتخب ارکان کو حلف دلائیں گے۔