اکبر الدین اویسی کو کانگریس کے ٹکٹ پر کوڑنگل سے کامیاب بنانے کی پیشکش

   

پرانا شہر نظر انداز ، اڈانی سے برقی بل کی وصولی قائد مجلس کے سوال پر چیف منسٹر کا جواب
حیدرآباد۔27جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اکبر الدین اویسی کو کانگریس کے ٹکٹ پر کوڑنگل سے مقابلہ کرنے پر انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے انہیں ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدہ کی پیشکش کی ۔اسمبلی میں مباحث کے دوران اکبر الدین اویسی کی جانب سے پرانے شہر کو مسلسل نظر انداز کئے جانے اور برقی بل کی وصولی کے لئے اڈانی کو پائیلٹ پراجکٹ کے طور پر پرانا شہر حوالہ کئے جانے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے استفسار کیا گیا کہ پائیلٹ پراجکٹ کے طور پر کوڑنگل‘ نلگنڈہ یا کریم نگر کیوں نہیں دیا جاتا ! چیف منسٹر نے اکبر الدین اویسی کی تقریر کے درمیان مداخلت کرتے ہوئے میٹروریل کے متعلق جواب دیا اور کہا کہ آئندہ انتخابات میں وہ اپنے امیدوار کے لئے حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ میں انتخابی مہم چلانے میٹرو ریل سے پہنچیں گے ۔ چیف منسٹر کے اس تبصرہ پر اکبر الدین اویسی نے کہا کہ خود ان کے لئے کیوں نہیں چلائیں گے جس پر چیف منسٹر نے کہا کہ ان کے حلقہ سے کانگریس کا امیدوار ایک غریب بی سی ہے اور اگر اکبر الدین اویسی چاہتے ہیں کہ کوڑنگل سے مقابلہ کریں تو وہ انتخابات میں حصہ لیں اور اپنے پرچہ نامزدگی پر صرف دستخط کریں باقی ذمہ داری وہ سنبھال لیں گے اور اکبر الدین اویسی کے چیف الیکشن ایجنٹ بن کر انہیں کامیاب کروائیں گے اور انہیں اپنے بازو ڈپٹی چیف منسٹر بنا کر بٹھائیں گے۔ اکبر الدین اویسی نے چیف منسٹر کی جانب سے کی گئی اس پیش کش کو پارلیمانی نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے مسترد کردیا اور کہا کہ وہ مجلس اتحادالمسلمین میں ہیں اورآخری سانس مجلس میں ہی رہیں گے اور ان کا جنازہ بھی مجلس کے پارٹی ہیڈ کوارٹر سے ہی نکلے گا۔3