حیدرآباد۔12۔مئی (سیاست نیوز) کرناٹک اسمبلی چناؤ کے نتائج سے عین قبل بی جے پی کے سینئر لیڈر اور وزیر مال آر اشوکا نے کہا کہ اگر نتائج میں پارٹی کو اکثریت حاصل نہیں ہوئی تو ہائی کمان کی رہنمائی میں ایک ’’آپریشن‘‘ کا آغاز کریں گے۔ مقامی نیوز چیانل سے بات چیت کرتے ہوئے بی جے پی قائدین نے یقین ظاہر کیا کہ کرناٹک میں آئندہ حکومت بی جے پی کی ہوگی، بھلے ہی اکثریت حاصل ہو یا نہ ہو۔ وزیر مال نے معلق اسمبلی وجود میں آنے سے متعلق قیاس آرائیوں پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت تشکیل دیں گے ، یہ مت پوچھیئے کہ کیسے اور کب ۔ ہم اس مسئلہ پر قومی اور ریاستی قائدین سے بات چیت کرتے ہوئے پلان۔B تیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال بی جے پی الیکشن کپ ضرور جیتے گی۔ ہائی کمان کی مدد سے ہم ٹرافی پر اپنا دعویٰ پیش کریں گے اور کامیاب ہوں گے ۔ کسی کو شبہ کی گنجائش نہیں ہونی چاہئے۔ کرناٹک میں بھی ڈبل انجن سرکار آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی اکثریت حاصل کرے گی اور اکثریت حاصل نہ ہو تو ہائی کمان کی رہنمائی حاصل کرتے ہوئے حکومت تشکیل دی جائے گی۔ آر اشوکا کا تعلق وکالیگا طبقہ سے ہے اور وہ بنگلور کے پدمنابھ نگر سے دوسری مرتبہ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان کا مقابلہ کانگریس کے سینئر لیڈر ڈی کے شیو کمار سے ہے۔ر