ممبئی ۔ ایک سال میں چار چار فلمیں کرنے والے اکشے کمار کے لیے پچھلے کچھ سال مشکل رہے ہیں ۔ فلمیں کرنے کی رفتار یکساں ہے لیکن کیریئر مسلسل پٹری سے اتررہا ہے۔ اکشے کمار کے لیے یہ سب سے بڑا مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ اب تک جو بھی کوشش کی گئی ہے، ناظرین نے سب کچھ ٹھکرا دیا ہے۔ اس سال ان کی اب تک دو فلمیں ریلیز ہو چکی ہیں۔ پہلی فلم بڑے میاں، چھوٹے میاں اور دوسری فلم سرفیرا۔ پہلی ایکشن فلم بھی اپنا بجٹ نکالنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ اکشے کمار نے جہاں سرافیرا میں بہت اچھا کام کیا ہے، وہیں لوگوں کی جانب سے توقع کے مطابق ردعمل نہیں ملا۔ شاید یہی وجہ ہے کہ اکشے کمار اس وقت ناکام فلموں کی وجہ سے کافی پریشان نظرآرہے ہیں۔گزشتہ سال بھی ان کے لیے اچھا نہیں رہا۔ تین فلمیں ریلیز ہوئیں مشن منگل، سیلفی اور او ایم جی 2۔ پہلی دو فلموں نے باکس آفس پر خراب کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ لیکن تیسری فلم مداحوں کی محبت جیتنے میں کسی قدرکامیاب رہی۔ اس وقت اکشے کمار کے پاس کئی فلمیں ہیں۔ وہ کچھ فلموں کے سیکوئل میں بھی نظر آئیں گے، جس کے لیے وہ پرجوش بھی ہیں۔ناکامی کا سلسلہ توڑنے کے لئے اکشے کمار کامیڈی پر واپسی کا فیصلہ کیا ہے اور انہوں نے اپنی آنے والی فلم کھیل کھیل کی ریلیز کے لیے 15 اگست کا انتخاب کیا ہے۔ فلم کا پہلاگانا ریلیز ہوا جس بول ہولی ہولی ہیں ۔اب دیکھنا ہے کہ کامیڈی پر واپسی کے بعد اکشے کے خراب دن دور ہوتے ہیں یا وہ بڑے پردے سے دور ہوتے ہیں۔