ممبئی ۔3 اکتوبر (ایجنسیز) بالی ووڈ اسٹار اکشے کمار نہ صرف اپنی فلموں بلکہ اپنی ذاتی زندگی کی وجہ سے بھی سرخیوں میں رہتے ہیں۔ اکشے نے حال ہی میں اپنے خاندان سے جڑا ایک واقعہ بتایا جس نے سب کو چونکا دیا۔ کھلاڑی کمار نے سائبرکرائم سے متعلق ایک تقریب میں شرکت کی۔ اس تقریب کے دوران انہوں نے اپنی بیٹی کو ملنے والے فحش پیغامات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ کس طرح ایک نامعلوم شخص نے ان کی بیٹی کو فحش پیغامات بھیجے اور تصاویر مانگیں۔ اکشے کمار نے پوری کہانی سناتے ہوئے کہا، میں آپ کو ایک چھوٹا سا واقعہ بتانا چاہتا ہوں جوکچھ مہینے پہلے میرے گھر پر ہوا تھا۔ میری بیٹی ویڈیوگیمزکھیل رہی تھی، اورکچھ ویڈیو گیمز ایسے ہوتے ہیں کہ آپ انہیں کسی کے ساتھ بھی کھیل سکتے ہیں۔ آپ کسی اجنبی کے ساتھ کھیلتے ہیں۔ جب آپ کھیل رہے ہوتے ہیں، تو کبھی کبھی دوسری طرف سے پیغام آتا ہے۔ اکشے نے مزید کہا کہ شروع میں اجنبی نے ان کی بیٹی کوکچھ اچھے پیغامات بھیجے، جیسے، تم اچھا کھیل رہی ہو،یہ بہت اچھا ہے۔ رفتہ رفتہ، وہ گیم کھیلتی رہی، اور مثبت پیغامات آتے رہے لیکن پھر اس شخص نے میری بیٹی سے پوچھا، تم مرد ہو یا عورت؟ بیٹی نے جواب دیا عورت جس کے بعد اجنبی نے لکھا، کیا آپ مجھے اپنی فحش تصاویر بھیج سکتے ہیں؟ اکشے نے آگے کہا یہ میری بیٹی تھی اس نے سب کچھ وہیں روک دیا اور جاکر میری بیوی کو سب کچھ بتایا۔ چیزیں اس طرح شروع ہوتی ہیں۔ یہ بھی سائبرکرائم کا ایک حصہ ہے۔اکشے نے درخواست کی کہ مہاراشٹر کے چیف منسٹر جو وہاں موجود تھے، چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعت کے بچوں کو سائبرکرائم کے بارے میں تعلیم دیں تاکہ وہ ایسے حالات میں نہ پھنسیں۔ انہوں نے درخواست کی کہ بچوں کو سائبرکرائم کے متعلق وقفہ وقفہ سے اسباق دیئے جائیں۔
