اکشے کمار کی فلم ہیرا پھیری3 پھر مسائل میں پھنس گئی

   

ممبئی ۔ ہیرا پھیری3 کی پریشانیاں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ فلم کے حوالے سے مسلسل نئے تنازعات سامنے آرہے ہیں۔ اب حال ہی میں ایروز انٹرنیشنل کی جانب سے فلم کے خلاف قانونی نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ ہیرا پھیری 3 قانونی پریشانی میں پھنس گئی ہے ۔ اکشے کمار کی آنے والی کامیڈی فلم ہیرا پھیری3 کے بارے میں ایک کے بعد ایک نئی اپ ڈیٹس سامنے آ رہی ہیں۔ فلم کا ایک نیا تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔ بتا دیں کہ یہ تنازعہ ہیرا پھیری3 کے بنانے کے حقوق کے بارے میں ہوا ہے۔ ایروز انٹرنیشنل نے فلم کے خلاف قانونی نوٹس جاری کردیا ہے۔دراصل ایروز انٹرنیشنل نے فلم بنانے والوں کو قانونی نوٹس دیا ہے۔ اس نوٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فلم کے تمام حقوق ایروز انٹرنیشنل کے پاس ہیں۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ اس سے پہلے بھی ہیرا پھیری 3 پر ہنگامہ ہوا تھا۔ ٹی سیریزکی جانب سے فلم کو نوٹس جاری کیا گیا تھا ۔ایروز انٹرنیشنل کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ناڈیاڈوالاگروپ پر60کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔ ساتھ ہی لکھا ہے کہ ناڈیاڈوالا نے بھی اس بات پر رضامندی ظاہرکی تھی کہ جب تک یہ ادائیگی نہیں ہوتی، ہیرا پھیری 3کے تمام حقوق ان کے پاس رہیں گے۔کمپلیٹ سنیما میگزین میں شائع ہونے والے نوٹس کے مطابق، فیروز ناڈیاڈوالا بیس انڈسٹریزگروپ کو ہیرا پھیری 3 کے حوالے سے ایروز انٹرنیشنل نے قانونی نوٹس بھیجا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ فلم کے تمام حقوق ایروزکے پاس ہیں۔ جس میں فلم کا نام سے لے کر ڈیجیٹل اور میوزک رائٹس بھی ان کے پاس ہیں۔ نوٹس کے مطابق، ناڈیاڈوالا نے ایروزکی رضامندی کے بغیر تیسرے فریق کو کوئی حق فروخت نہ کرنے پر بھی اتفاق کیا تھا۔