اکشے کمار کے ساتھ جھگڑا ،پریش راویل کو 25 کروڑ کا نوٹس

   

ممبئی، 20 مئی (آئی اے این ایس) ۔بالی ووڈ کی کلاسک کامیڈی فلموں ہیرا پھیری اورپھر ہیرا پھیری کے بعد راجو، شیام اور بابو بھیا کے کروڑوں مداح اس کے تیسرے حصے کا انتظار کر رہے تھے۔ حال ہی میں جب تیسرے حصے کا دوبارہ اعلان ہوا تو سب بہت خوش ہوئے۔ یہاں تک کہاگیا کہ یہ اس دن کی سب سے اچھی خبر تھی لیکن یہ خوشی زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکی۔ بابو بھیا یعنی پریش راول نے فلم سے کنارہ کشی اختیارکرلی اور اب معاملہ مزید پیچیدہ ہوگیا ہے۔ جیسے ہی پریش راول نے بتایا کہ وہ اس فلم کا حصہ نہیں ہیں۔ مداح ابھی اس صدمے سے سنبھل ہی رہے تھے کہ اکشے کمار نے پریش راول کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا۔ اکشے نے پریش راول کو25 کروڑ روپے کا قانونی نوٹس بھیجا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اب راجو اور بابو بھیا کی یہ دشمنی عام ہو رہی ہے۔ ہیرا پھیری کے ساتھ ہمیشہ ایک چیز رہی ہے اور وہ ہے پریہ درشن کے ساتھ سنیل شیٹی، اکشے کمار اور پریش راول کی جوڑی۔ اس ٹیم نے بہت سی کلاسک فلمیں دی ہیں ۔ پہلے اکشے نے خود کو فلم سے دور کیا، پھر پریہ درشن بڑی مشکل سے واپس آئے، سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا، پھر پریش نے باہر نکالا۔ ایسے میں فلم کے حوالے سے مداحوں کے حوصلے بھی ٹوٹنے لگے ہیں۔ یہ فلم اکشے کمار کے پروڈکشن ہاؤس کیپ آف گڈ فلمز کے تحت بن رہی تھی۔ اس پروڈکشن ہاؤس سے پریش کو نوٹس بھی آیا ہے۔ پریش نے حال ہی میں اکشے کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری میں لوگ ساتھی ہوتے ہیں جب کہ ان کے دوست جنہیں وہ احترام سے دوست کہہ سکتے ہیں اوم پوری، نصیر الدین شاہ اور جانی لیور ہیں۔ پریش نے اس انٹرویو میں اکشے کا نام نہیں لیا۔ اکشے اور پریش نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے۔ مداحوں کو ان کی مزاحیہ ٹائمنگ اور کیمسٹری بہت پسند ہے، اس لیے پریش کا اپنے دوستوں میں اکشے کا نام نہ لینا قدرے پریشان کن تھا۔اس کے بعد پریش نے ہیرا پھیری چھوڑنے کے معاملے اور میکرز کے ساتھ اختلافات کے جواب میں ایک پوسٹ بھی کی۔ انہوں نے لکھا کہ میں یہ بات ریکارڈ پر رکھنا چاہتا ہوں کہ میرا فلم ’ہیرا پھیری 3‘ سے دور رہنے کا فیصلہ تخلیقی اختلافات کی وجہ سے نہیں تھا۔ میں اس بات کا اعادہ کرتا ہوں کہ فلم ساز سے کوئی تخلیقی اختلاف نہیں ہے۔