اکشے کی 85 کروڑ کی فلم 25 کروڑ بھی نہیں کما پائی

   

ممبئی ۔ اکشے کمار کے لیے سال 2024 بہت برا ثابت ہورہا ہے۔ فلمی دنیا میں کھلاڑی کے نام سے مشہور اکشے کی فلمیں کچھ عرصے سے اچھی کمائی نہیں کر پا رہی ہیں۔ وہ ہر طرح کی فلمیں بنا رہے ہیں۔ کئی طرح کے تجربات کیے جا رہے ہیں لیکن اس کے تمام تجربات ناکام ہوگئے۔ ان کی پچھلی چند فلموں کی بات کریں تو ان کی فلم او ایم جی2 کے علاوہ ان کی کوئی بھی فلم اچھی کمائی نہیں کرپائی ہے۔ حقائق اور متاثرکن کہانی پر مبنی اکشے کمارکی فلم سرپھیرا کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ فلم کی کمائی کے تازہ ترین اعداد و شمارآ گئے ہیں جو انتہائی مایوس کن ہیں۔ اکشے کمار کی فلم سرپھیرا کی بات کریں تو فلم کی کمائی گزشتہ چند دنوں میں اتنی گر گئی ہے کہ اب اس کے لیے 20 لاکھ روپے بھی کمانا مشکل دکھائی دے رہا ہے۔ فلم نے جمعہ کو 19 لاکھ روپے کا بزنس کیا۔ فلم کا 15 دنوں کی جملہ آمدنی 22.74 کروڑ روپے ہوئی ہے۔ وکی کوشل کی بیاڈ نیوز کی ریلیز کے بعد اس فلم کی کمائی رک گئی۔ اب اس فلم کو صرف او ٹی ٹی اسٹریمنگ سے کچھ توقعات رکھنی ہوں گی۔ اکشے کی یہ فلم باکس آفس پر بری طرح ناکام ہوئی ہے۔ یہ فلم 85 کروڑ کے بجٹ سے بنائی گئی تھی۔ فلم میں اکشے کمارکی بہت تعریف کی گئی۔ اس کے علاوہ رادھیکا مدن کی اداکاری کو بھی سراہا گیا لیکن اس سب کے بعد بھی یہ فلم اپنے بجٹ کا ایک چوتھائی حصہ بھی حاصل نہیں کرپائی ہے۔ یہ فلم سوریا کی جنوبی فلم سوراری پوتروکا ریمیک ہے۔ اس فلم کو ساؤتھ میں بہت اچھا مقام ملا لیکن اس کے مقابلے اکشے کی فلم کی حالت بالکل دگرگوں تھی۔ فلم 25 کروڑ روپے تک بھی نہیں پہنچ پاتی۔