اکٹوبر سے آئی ٹی دفاتر کی بھی بحالی کا امکان

   

حیدرآباد۔ 12 ستمبر ( سیاست نیوز ) کورونا وباء کے آغاز پر ہی کئی ملٹی نیشنل کمپنیوں نے اپنے ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کو کہا تھا تاکہ کورونا کو پھیلنے سے روکا جاسکے ۔ اب جبکہ تعلیمی ادارے کھول دئے گئے ہیں لیکن آئی ٹی ماہرین کی اکثریت دفتر واپسی میں پس و پیش کا شکار ہے ۔ آئی ٹی سرگرمیوں کو بحال کرنے حکومت نے کمپنیوں کو ہدایت دی کہ وہ ملازمین کو دفاتر طلب کریں۔ کچھ کمپنیوں نے ملازمین کو دفتر آنے کو کہا بھی ہے۔ ٹاٹا کنسلٹنسی سروسیس کے دفتر جلد کھل جائیں گے اور تمام ملازمین کو دفتر آنے کہا جاچکا ہے ۔ جئیش رنجن پرنسپل سکریٹری آئی ٹی نے کہا کہ امید ہے کہ مزید کمپئنیاں اکٹوبر میں دسہرہ کے بعد ملازمین کو دفتر سے کام کرنے طلب کرلیں گی ۔ آئی ٹی ملازمین کا ایک گوشہ تاہم ابھی مطمئن نہیں ہے اور وہ گھروں سے کام کرنا چاہتا ہے ۔ دوسری جانب کچھ ملازمین کا کہنا ہے کہ دفاتر کو واپسی ضروری ہے اور وہاں سے کام کیا جانا چاہئے ۔ چونکہ آئی ٹی ملازمین میں 60 تا 70 فیصد نے کورونا کا ٹیکہ لے لیا ہے ایسے میں اکٹوبر سے آئی ٹی دفاتر بحال ہونے کی امید ہے ۔ کئی میڈیکل اسوسی ایشنوں نے اس خیال کا اظہار کیا کہ چونکہ پہلا ٹیکہ لیا جاچکا ہے اور وہ موثر بھی ہے ایسے میں ملازمین کا دفتر جانا محفوظ ہے ۔ تاہم کچھ گوشے آئی ٹی دفاتر کی مرحلہ وار کشادگی کے حامی ہیں۔