عوامی منتخب نمائندے 19 ستمبر تک رائے پیش کریں ، کابینی سب کمیٹی کا 21 ستمبر کو حتمی اجلاس
حیدرآباد ۔ 18 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی کابینی سب کمیٹی نے اعلان کیا کہ آئندہ ماہ اکٹوبرسے ریاست میں تمام اہل افراد کو راشن کارڈس و ہیلت کارڈس جاری کئے جائیں گے ۔ موجودہ راشن کارڈس کی جگہ نئے کارڈس دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلئے تیاریاں آخری مراحل میں پہونچ گئی ہیں ۔ وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی صدر نشین ، وزیر پی سرینواس ریڈی کے بشمول ارکان اسمبلی ، ارکان کونسل پر مشتمل کابینی سب کمیٹی کا حیدرآباد کے جلاسودھا میں پیر کو اجلاس منعقد ہوا ۔ کمیٹی کا یہ چوتھا اجلاس تھا ۔ کمیٹی کا حتمی اجلاس 21 ستمبر کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ آئندہ ماہ مستحقین سے درخواستیں وصول کی جائیں گی ۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میںریاستی وزیر این اتم کمار ریڈی نے کہا کہ نئے راشن کارڈس اور ہیلت کارڈس کی تقسیم کیلئے منتخب عوامی نمائندے ، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی ، ارکان کونسل سیاست سے بالاتر ہو کر اپنی رائے 19 ستمبر تک پیش کریں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام عوامی منتخب نمائندوں کو اس سلسلے میں مکتوب روانہ کرکے ان کی رائے طلب کی گئی ہے ۔ تاحال 16 نمائندوں نے رائے پیش کی ہے ۔ مجلس کے رکن پارلیمنٹ ، چیوڑلہ کے رکن پارلیمنٹ کے علاوہ چند بی آر ایس ارکان نے رائے پیش کی ہے ۔ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق دوسری ریاستوں کے رہنما خطوط کا مطالعہ کیا گیا ہے ۔ مختلف ریاستوں میں خاندان کی آمدنی کی حد کیا مقرر کی گئی تلنگانہ میں حد کتنی مقرر کی جائے کمیٹی میں اس پر تبادلہ خیال جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیول سپلائز اور طبی خدمات کیلئے دو علحدہ اسمارٹ کارڈس جاری کرے گی ۔ متحدہ ریاست میں تلنگانہ میں 91.68 لاکھ کارڈس تھے جملہ 3.38 کروڑ لوگ کارڈس کے مستحق تھے ۔ ریاست کی تشکیل کے بعد نئی درخواستیں وصول کرکے 89.21 لاکھ کارڈ جاری کئے گئے ۔ گذشتہ 10 سال میں برائے نام کارڈس جاری کئے گئے ۔ فی الحال چند لوگ آروگیہ شری ضروریات کیلئے بھی راشن کارڈس استعمال کرنے کے تناظر میں آمدنی اور دیگر قابلیت پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے ۔ حکومت نے آئندہ سال جنوری سے راشن شاپس سے غریب عوام کو موٹے کی بجائے باریک چاول تقسیم کا فیصلہ کیا ہے ۔ 2