چار سال میں 20 لاکھ مکانات فراہم کرنے حکومت کا منصوبہ ، وزیر مال پی سرینواس ریڈی کا اعلان
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : ریاستی وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ اکٹوبر کے اواخر تک ریاست کے ہر اسمبلی حلقہ کے لیے پہلے مرحلے میں 3500 تا 4 ہزار مکانات منظور کرنے کا اعلان کیا ۔ آئندہ چار سال میں ریاست کے ہر مستحق غریب عوام کے لیے اندرا اماں مکانات تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ اس طرح 20 لاکھ مکانات تعمیر کئے جائیں گے ۔ ذات پات ، مذہب ، علاقہ ، سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ہر مستحق غریب کو اندرا اماں مکانات فراہم کئے جائیں گے ۔ مرکز سے تنازعات پیدا کئے بغیر ریاست کے عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہونچانے کی کوشش کی جائے گی ۔ ریاست کو حاصل ہونے والے فنڈز اور رعایتیں ، کوٹہ حاصل کیا جائے گا ۔ کل حیدرآباد کو مرکزی ہاوزنگ کے جوائنٹ سکریٹری پہونچے تھے ان سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست کو زیادہ سے زیادہ مکانات منظور کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔ اسمبلی حلقہ گوشہ محل میں 144 استفادہ کنندگان کو آج حیدرآباد کلکٹریٹ آفس میں ضلع انچارج و ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کے ساتھ مل کر ڈبل بیڈ روم مکانات کے پٹہ جات تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ ارکان قانون ساز کونسل بی وینکٹ ، رحمت بیگ ، کلکٹر حیدرآباد انودیپ درشٹی کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پونگولیٹی سرینواس ریڈی نے کہا کہ مالی مسائل کے باوجود حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے ۔ اپوزیشن جماعتیں سیاسی مفادات کے لیے ترقیاتی پروگرامس میں رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی و فلاحی کاموں کے معاملے میں کانگریس حکومت عہد کی پابند ہے ۔ غریب عوام سے ہر شعبہ میں مکمل انصاف کیا جائے گا ۔ اصل اپوزیشن بی آر ایس کے واویلا سے حکومت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور نہ ہی حکومت اس سے ڈرنے گھبرانے والی ہے ۔ بی آر ایس کے قائدین اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرنے کے بجائے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ بن رہے ہیں ۔ موسیٰ ندی کے متاثرین کو ایک اچھی زندگی فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔۔ 2