اکٹوبر 11تک رعیتوویدیکا کے تعمیری کام مکمل کریں

   

پداپلی کے منڈل میں سنگ بنیاد تقریب سے ریاستی وزیر کے ایشور کا خطاب

پداپلی: حکومت کے مقرر کردہ ہدف کے مطابق ماہ اکٹوبر کی 11 تاریخ تک رعیتو ویدیکا کے تعمیری کاموں کو مکمل کرنے کی ریاستی وزیر بہبود کپّولا ایشورنے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی۔ پدا پلی منڈل کے برہمناپلی گرام پنچایت کے حدود میں مقامی زیڈ پی چیرمین ‘ ایم ایل اے و دیگر عوامی نمائندوں کہ ہمراہ ریاستی وزیربہبود نے رعیتو ویدیکا کے تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ برہمنا پلی گرام پنچایت کہ حدود میں شناخت کردہ اراضی میں رعیتو ویدیکا کی تعمیر ی کاموں کے آغاز کے لئے وزیر موصوف نے بھومی پوجا کی۔ حکومت کی جانب سے طئے کردہ اہداف کے حصول کے تحت بر وقت رعیتو ویدیکا کے تعمیری کام مکمل کرنے کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ملک گیر سطح پر کسی بھی ریاست کے بمقابل تلنگانہ ریاست میں وزیر اعلیٰ کے سی آر کی زیر قیادت کسانوں کی فلاح وبہبود کے تحت کئی فلاحی سرگرمیاں جاری ہیں۔ کسانوں کو 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی’ وقت مقررہ پر تخم اور کھاد کی فراہمی ‘ فی ایکر اراضی کے لئے 5 ہزار کے حساب سے دو فصلوں کے لئے سرمایہ کاری امداد وغیرہ صرف اور صرف ریاست تلنگانہ میں ہی جاری ہے۔ کورونا بحران کے دور میں بھی حکومت کی جانب سے کسانوں کو کسان قرض جات کی معافی رقم ‘ رعیتو بندھو رقم’ دھان کی خریداری رقم ادا کی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اراضی پر منحصر تمام کسان تخم ریزی سے لے کر فصل سے فیضیاب ہونے تک کئی پریشانیوں کا سامنا کرتے ہوئے صبر کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ ان کسانوں کو اپنے مسائل کی یکسوئی کہ لئے ریاستی حکومت نے ایک پلاٹ فارم قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی ضمن میں ہر کلسٹر میں ایک رعیتو ویدیکا کی تعمیر عمل میں لائی جارہی ہے۔ ہر 5 ہزار ایکر اراضی پر ایک رعیتو ویدیکا تعمیر کیا جارہا ہے۔ حکومت نے کسانوں کی فلاح کو اوّلین ترجیح دیتے ہوئے فی رعیتو ویدیکا کی تعمیر کے لئے 22 لاکھ لاگت کا تخمینہ لگاتے ہوئے ریاست بھر میں 2،604 رعیتو ویدیکا کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ رعیتو ویدیکا کو اس طرز پر ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اجلاسوں کے انعقاد کے علاوہ انھیں بطور گودام بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ زیڈ پی چیرمین پوٹا مدھو ‘ پداپلی ایم ایل اے داسری منوہر ریڈی ‘ضلعی عہدیدار برائے جنگلات ترومل پرساد’ مقامی عوامی نمائندے و متعلقہ عہدیداراس موقع پر موجود تھے۔