نئی دہلی، 9 نومبر (یو این آئی) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے اتوار کے روز بہار کے نوجوان لیڈر تیجسوی یادو کو سالگرہ کی پرخلوص مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں ریاست کا محبوب ”نوکری نائک” اور بہار کے ممکنہ وزیرِ اعلیٰ قرار دیا۔ اپنے واٹس ایپ چینل پر جاری پیغامات میں اکھلیش یادو نے بی جے پی اور الیکشن کمیشن آف انڈیا پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بی جے پی کے دورِ اقتدار میں انتخابی بے ضابطگیوں کو منظم انداز میں فروغ دیا گیا اور ایمان دار افسران کو نظرانداز کیا جا رہا ہے ۔ اکھلیش نے لکھاکہ”بہار کے مقبول ‘نوکری نائک’ نوجوان لیڈر تیجسوی یادو جی کو دل کی گہرائیوں سے سالگرہ کی مبارکباد اور مستقبل میں بہار کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے کے لیے نیک خواہشات!” انہوں نے خبردار کیاکہ ”پچھلے دروازے سے آنے والے سیاست دان عوام کی آواز کو سن لیں۔ ایماندار الیکشن کمیشن افسران کو ہٹایا جا رہا ہے ، جس سے کمیشن کی ساکھ متاثر ہوئی ہے ۔ جو لوگ اندر سے جمہوریت کو کمزور کر رہے ہیں، ان کے دن پورے ہوچکے ہیں۔ نئی نسل ایک نیا مستقبل تعمیر کرے گی۔”