لکھنؤ:سماج وادی پارٹی (ایس پی) نے حال ہی میں میرٹھ میں راشٹریہ لوک دل کے صدر جینت چودھری کی طرف سے منعقدہ ایک جلسہ عام میں پارٹی صدر اکھلیش یادو کی سکیورٹی میں پرواہی برتنے کا یوگی حکومت پرالزام لگایا ہے ۔ ایس پی کے ترجمان فخرالدین حسن چاند نے جمعہ کو سوشل میڈیا پراس معاملے کو اٹھاتے ہوئے حکومت پرالزام عائد کیا کہ میرٹھ ریلی میں سکیورٹی کے کوئی انتظامات نہیں تھے ۔ انہوں نے کہا ‘‘اکھلیش یادو جی کی میرٹھ ریلی میں ہمارے لیڈر کی سکیورٹی کے کوئی انتظامات نہیں تھے ۔ سکیورٹی کے نام پرایک سی او کی ڈیوٹی تھی، وہ بھی غائب تھے ۔ حسن نے کہا کہ سٹیج کے چاروں طرف سے ہزاروں کا ہجوم تھا ۔ لیکن نظم و نسق برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے کوئی انتظام نہیں تھا ۔ انہوں نے سرکار سے اکھلیش کے لیے پختہ حفاظتی انتظامات کرنے کا مطالبہ کیا۔