سماج وادی پارٹی کے قومی صدراور سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے بلاک پرمکھ انتخابات میں غنڈہ گردی کے لیے یوگی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔اتوار کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکھلیش یادونے کہا کہ بلاک پرمکھ انتخابات میں ننگا ناچ کیا گیا ہے۔ اس ننگے ناچ کو پوری دنیا نے دیکھا ۔؟ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے جمہوریت کی دھجیاں اڑاکر الیکشن جیت لیا ہے۔انہوں نے الزام لگاتے ہوئے یہ بھی کہا کہ الیکشن جیتنے کے لیے بی جے پی نے پولیس اور انتظامیہ کی مدد لی ہے۔سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا کہ پنچایتی انتخابات میں اس سے قبل کسی بھی حکومت میں اس طرح کی غنڈہ گردی نہیں ہوئی تھی۔انتظامیہ حزب اختلاف کے کاغذات چھیننے میں لگی رہی ، خواتین کے کپڑے پھاڑے گئے ۔جھوٹے مقدمات درج کیے گئے ، عوام ان سب کا وقت آنے پر درست جواب دے گی۔اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت جمہوریت کے مینڈیٹ اور اکثریت کی پرواہ نہیں کرتی ہے۔ انتخابات کے جو نتائج جان بوجھ کر اور منصوبہ بندی کے بعد کرائے گئے ، اس کے نتائج ہمارے سامنے ہیں۔ کسی کی بھی حکومت میں ایسی غنڈہ گردی کا کوئی تصور بھی نہیں کرسکتا۔