اکھلیش یادو اور اعظم خان نے پارلیمنٹ کی رکنیت سے دیا استعفی

   

سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے اعظم گڑھ لوک سبھا سیٹ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ حال ہی میں ہوئے یوپی اسمبلی انتخابات میں انہوں نے کرہل اسمبلی سیٹ سے ایم ایل اے کا انتخاب جیتا تھا ، جس کے بعد یہ قیاس آرائی کی جارہی تھی کہ وہ اسمبلی کی رکنیت چھوڑ دیں گے یا ایم پی کے عہدے سے استعفیٰ دیں گے۔ تاہم اب یہ تذبذب ختم ہو گیا ہے ۔ ایس پی سپریمو اکھلیش یادو منگل کی دوپہر لوک سبھا پہنچے، جہاں انہوں نے اسپیکر اوم برلا سے ملاقات کی اور اپنا استعفیٰ پیش کیا ۔اکھلیش یادو کے علاوہ سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان نے بھی لوک سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ وہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں رام پور سیٹ سے منتخب ہوئے تھے۔ ایسے میں انہوں نے اپنی اسمبلی کی رکنیت کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اکھلیش یادو اور اعظم خان کے لوک سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کے بعد اب ان دونوں سیٹوں پر 6 ماہ کے اندر ضمنی انتخابات کرائے جائیں گے ۔