حیدرآباد کے رامیشورم کیفے میں جنوبی ہند کے پکوان اور ذائقوں سے لطف اندوز
حیدرآباد ۔ 13 ڈسمبر (سیاست نیوز) سماج وادی پارٹی کے سربراہ و سابق چیف منسٹر اکھلیش یادو اور بی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی آر نے آج ہفتہ کے روز حیدرآباد کے مشہور رامیشورم کیفے میں ایک ساتھ ٹفن کیا۔ اکھلیش یادو شہر کے معروف رامیشورم کیفے کے خصوصی جنوبی ہند کے پکوان اور ذائقوں سے واقفیت کے خواہشمند تھے جس کے پیش نظر کے ٹی آر نے اس غیررسمی ملاقات کا اہتمام کیا۔ ان کی آمد پر رامیشورم کیفے کے مالک شرتھ نے دونوں قائدین کا پرتپاک استقبال کیا اور خصوصی انتظامات کئے۔ اکھلیش یادو نے کیفے کے مختلف پکوان چکھے اور ان کے اعلیٰ معیار اور منفرد ذائقے کی تعریف کی۔ انہوں نے مالک شرتھ اور ان کے اہل خانہ کو حیدرآباد میں کامیابی کے ساتھ رامیشورم کیفے چلانے پر مبارکباد پیش کی۔ اس خوشگوار ماحول میں دونوں قائدین نے جنوبی ہند کے روایتی کھانوں سے لطف اندوز ہوئے مختلف سیاسی اور عصری امور پر غیررسمی تبادلہ خیال بھی کیا۔ سیاسی حلقوں میں اس ملاقات کو ایک دوستانہ مگر اہم رابطے کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ رامیشورم کیفے میں ظہرانہ کے بعد اکھلیش یادو اور کے ٹی آر وہاں سے روانہ ہوئے۔ بی آر ایس کے سینئر قائد سابق ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو کی رہائش گاہ پہنچے۔2
