اکھلیش یادو معاملہ: ایس پی۔ بی ایس پی وفد کی گورنر سے ملاقات

   

لکھنؤ: 13 فروری(سیاست ڈاٹک ام) سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی ارکان پر مشتمل 15 رکنی مشترکہ وفد نے چہارشنبہ کی صبح یو پی کے گونر رام نائک سے ملاقات کر کے یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کے ذریعہ سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو کے ساتھ کئے گئے غیر جمہوری رویہ کی تفصیلی جانکاری فراہم کرتے ہوئے اس معاملے میں ان سے مداخلت کی اپیل کی۔ گورنرسے 30 منٹ کی گفتگو کے دوران اپوزیشن لیڈروں نے بی جے پی حکومت کے ’’تاناشاہی والے رویہ’’ پر اپنا احتجاج درج کرایا اور جمہوریت کے تحفظ میں ان کے مداخلت کی اپیل کی۔ .وفد نے الزام عائد کیا کہ اکھلیش یادو کو غیر جمہوری طریقے سے لکھنؤ ائیرپورٹ پر ایک جونئر افسر کے ذریعہ روکا گیا ساتھ ہی انہوں نے ریاستی پولیس کے ائیر پورٹ کے اندر داخلے پر بھی سوال کھڑا کئے ۔ گورنر نے وفد کی بات کو سن کر انہیں اس بات کا تیقن دیا کہ وہ اس پورے معاملے میں ریاستی حکومت کو خط لکھیں گے ۔