انڈیا اتحاد کے حلیف کو بیگم پیٹ ایئرپورٹ سے ایم ایل اے کوارٹرس تک ریالی کے ذریعہ منتقلی
حیدرآباد۔ 10 ڈسمبر (سیاست نیوز) ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو نے کہا کہ 12 ڈسمبر کو حیدرآباد میں سماج وادی پارٹی کے صدر و سابق چیف منسٹر اترپردیش اکھلیش یادو کا شاندار استقبال کے ساتھ ایم ایل اے کوارٹرس اورشی نگر میں تہنیتی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجن کمار یادو نے کہا کہ حیدرآباد میں ہندو۔ مسلم اتحاد کا گہوارہ ہے ایسے شہر میں اکھلیش یادو کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ 12 ڈسمبر کو اکھلیش یادو کو بیگم پیٹ ایئرپورٹ سے ایک ریالی کے ذریعہ ایم ایل اے کواٹرس منتقل کیا جائے گا جہاں انہیں تہنیت پیش کی جائے گی۔ اس پروگرام میں ریاستی وزراء کانگریس کے منتخب عوامی نمائندوں کے علاوہ پارٹی کے اہم قائدین شرکت کریں گے۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ ایک خانگی پروگرام میں شرکت کرنے کے لئے اکھلیش یادو حیدرآباد پہنچ رہے ہیں۔ وہ انڈیا اتحاد کے حلیف ہے۔ اس لئے اکھلیش یادو کا شاندار خیرمقدم کیا جارہا ہے۔ سماج وادی پارٹی ایک سیکولر جماعت ہے سماج کے تمام طبقات بالخصوص اقلیتوں کے ساتھ ساتھ یادو طبقہ کے مسائل کو پارلیمنٹ میں اٹھاتے ہیں اور ناانصافیوں کے خلاف جدوجہد کرتے ہیں ایسے بے باک قائد کا شہر حیدرآباد میں خیرمقدم کیا جارہا ہے۔ انجن کمار یادو نے کانگریسیوں کے علاوہ سماج کے تمام طبقات سے 12 ڈسمبر کو منعقد ہونے والے تہنیتی تقریب میں بھاری تعداد میں شریک ہوتے ہوئے کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں اکھلیش یادو کا پروگرام کانگریس اور سماج وادی پارٹی اتحاد کو مزید استحکام بخشے گا اور انڈیا اتحاد مزید مضبوط ہوگا۔ 2