کولمبو ۔20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکائی اسپنر اکیلا دھننجیا پر غیرقانونی باؤلنگ ایکشن کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) ایک سال کی پابندی عائد کردی ہے۔دھننجیا کا بولنگ ایکشن نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان گزشتہ ماہ گال میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹسٹ میچ میں رپورٹ ہوا تھا اور یہ گزشتہ 10ماہ کے دوران ان کا ایکشن دوسری مرتبہ رپورٹ ہوا ہے۔ مذکورہ ٹسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا بھی بولنگ ایکشن رپورٹ ہوا ۔آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چینائی میں قائم لیبارٹری میں دھننجیا کے بولنگ ایکشن کا معائنہ کیا گیا اور ان کا ایکشن غیرقانونی قرار پایا۔ دھننجیا کا بولنگ ایکشن گزشتہ سال دسمبر میں بھی رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد انہیں معطل کردیا گیا تھا تاہم انہوں نے ایکشن کی بہتری پر کام کیا اور رواں سال کے آغاز میں اپنا ایکشن درست کروا لیا تھا۔آئی سی سی کے قوانین کے تحت اگر ایک بولر کا دو سال کے عرصے میں دوسری مرتبہ ایکشن رپورٹ ہو تو اس پر ایک سال کی پابندی عائد کردی جاتی ہے۔یاد رہے کہ گال ٹسٹ سابق پابندی کے خاتمے کے بعد دھننجیا کا پہلا ٹسٹ میچ تھا اور اسی میچ میں ان کا ایکشن ایک مرتبہ پھر رپورٹ ہوا۔ایک سال کی پابندی کے خاتمے کے بعد دھننجیا کو بین الاقوامی کرکٹ میں بولنگ کرنے سے قبل اپنے بولنگ ایکشن کا ایک مرتبہ پھر ٹسٹ کروانا ہو گا اور ایکشن درست ہونے کی صورت میں ہی وہ دوبارہ بولنگ کے لیے اہل قرار دیے جائیں گے۔ دھننجیا نے گزشتہ سال بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ کرئیر کا آغازکیا تھا اور اب تک 6 ٹسٹ میچوں میں 33 وکٹیں لے چکے ہیں جبکہ انہیں ونڈے کرکٹ میں51 اور ٹی20 میں 22 وکٹیں لی ہیں۔