حیدرآباد ۔ 26 مارچ (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ تمیلی سائی سوندراراجن نے کہا کہ راج بھون میں بڑے پیمانے پر اگادی کی تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں چیف منسٹر کے سی آر، ریاستی وزراء، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور تمام اپوزیشن جماعتوں اور اہم شخصیتوں کو مدعو کیا جائے گا۔ مجھے امید ہے چیف منسٹر میری دعوت کو قبول کریں گے۔ نئے سال کے موقع پر پرانی باتوں کو بھول کر نئی شروعات کریں گے۔ وہ چاہتی ہیکہ تمام اختلافات ختم ہوجائے چیف منسٹر کافی دنوں سے راج بھون کو نہیں آئے۔ اس خلاء کی میری طرف سے کوئی وجہ نہیں ہے اور نہ ہی وہ کوئی مسائل پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ مقامی ایک اخبار اور ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے تمیلی سائی سوندراراجن نے کہا کہ گورنر ایک دستوری عہدہ ہے اور چیف منسٹر عوام کی طرف سے منتخب حکومت کا سربراہ ہوتا ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کا احترام کرنے کی ضرورت ہے۔ میرے حدود اور اختیارات کیا ہے میں اچھی طرح جانتی ہوں اور نہ ہی میں نے کبھی اپنے حدود پار کرنے کی کوشش کی ہے۔