حیدرآباد ۔ یکم ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ایل اینڈ ٹی میٹرو ریل حیدرآباد کی جانب سے اگادی ( 2 اپریل ) سے ’ سوپر سیور میٹرو ہالی ڈے کارڈس ‘ کا آغاز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ جسے کوئی بھی مسافر ایک ’ ون ٹائم ‘ ناقابل واپسی کرایہ 50 روپئے اور ایک ٹاپ اپ قیمت 59 روپئے ادا کرتے ہوئے کسی بھی میٹرو ٹکٹ کاونٹر سے خرید سکتے ہیں ۔ ٹاپ اپ قیمت کسی قابل اطلاق تعطیل پر ریچارج کی تاریخ ہی کے لیے کارآمد ہوگی اور اسے میٹرو نیٹ ورک میں پورا دن غیر محدود سفر کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ اس ناقابل منتقلی کارڈ (ایک کارڈ ، ایک مسافر ) سے صرف مخصوص تعطیلات ہی میں میٹرو نیٹ ورک میں سفر کیا جاسکتا ہے ۔ دوسرے دنوں میں اے ایف سی ( آٹو میٹک فیر کلکشن ) سسٹم اس کارڈ کو قبول نہیں کرے گا ۔ کے وی بی ریڈی ، ایم ڈی اینڈ سی ای او نے کہا کہ ’ ہم جیب کے لیے آسان ’ ہالی ڈے کارڈ ‘ کا آغاز کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں جس میں مسافرین برائے نام ٹاپ اپ چارج 59 روپئے میں کسی مخصوص تعطیل میں غیر محدود سفر کرنے سے استفادہ کرسکتے ہیں ‘ ۔ تعطیلات کی فہرست میں اتوار ، دوسرا اور چوتھا ہفتہ اور سرکاری تعطیلات ( جملہ 100 دن ) شامل ہیں ۔ اس فہرست کے لیے میٹرو ریل ٹکٹ کاونٹر پہنچ کر کارڈ کے پیچھے کیو آر کوڈ کو اسکیان کیا جاسکتا ہے ۔ ٹی ۔ سواری ایپ چیک کریں یا ایل اینڈ ٹی میٹرو ویب سائیٹ ltmetro.com/supersaveroffer دیکھیں ۔۔