رعیتو بھروسہ اسکیم پر 22 مارچ سے عمل آوری، رویندرا بھارتی میں اگادی تقاریب سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد ۔19 ۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ عوامی حکومت زرعی شعبہ اور کسانوں کی بھلائی کے عہد کی پابند ہے ۔ انہوں نے کسانوں کی مدد اور فصلوں کی حوصلہ افزائی کے ذریعہ بادشاہ کا موقف دینے کا اعلان کیا۔ چیف منسٹر نے آج رویندرا بھارتی میں اگادی تقاریب میں شرکت کی۔ تلگو سال نو کے آغاز پر اگادی تہوار منایا جاتا ہے ۔ تقریب میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ ریاستی وزراء پی سرینواس ریڈی ، جوپلی کرشنا راؤ ، کونڈا سریکھا ، محمد اظہرالدین اور عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کی بھلائی اور زرعی شعبہ کی ترقی کے لئے کئی قدم اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کو ایک منفعت بخش شعبہ میں تبدیل کرتے ہوئے کسانوں کو بادشاہ کا موقف دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے باریک چاول کی پیداوار پر کسانوں کو بونس دیا جارہا ہے ۔ رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت 22 مارچ کو امدادی رقم کسانوں کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی۔ حکومت نے رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت 18 ہزار کروڑ خرچ کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو قرض کے بوجھ سے نجات دلانے کیلئے حکومت نے دو لاکھ روپئے تک کا قرض معاف کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 70 فیصد خاندانوں کا زراعت پر انحصار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراضی تنازعات کی یکسوئی کے لئے دھرانی پورٹل کی جگہ بھو بھارتی قانون نافض کیا گیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ کو ملک کی تمام ریاستوں میں ترقی یافتہ بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے اگادی کے موقع پر تلنگانہ میں امن ، ترقی ، خوشحالی کے علاوہ آفات سماوی سے محفوظ رہنے کی دعا کی۔1